چودھری نثار انفرادی واقعہ کی آڑ میں میڈیا کو متنازعہ نہیں بناسکتے، کامل آغا

چودھری نثار انفرادی واقعہ کی آڑ میں میڈیا کو متنازعہ نہیں بناسکتے، کامل آغا

  

لاہو ر(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کی یہ بھول ہے کہ وہ کسی انفرادی واقعہ کی آڑ لیکر پورے میڈیا کو متنازعہ بناسکتے ہیں ، ن لیگ نے ہر دور میں قومی اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کیے ،سیف الرحمن بننے کی کوشش کرنے والے اس کا انجام بھی ذہن میں رکھیں، سیاسی انجام سے خوفزدہ عناصر پنجاب اسمبلی میں بھی میڈیا کے خلاف قرارداد لانے کا ناکام ڈرامہ کرچکے اور منہ کی کھا چکے ،گزشتہ روز انہوں نے مسلم لیگ ہاﺅس میں اخبار نویسوں اور پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی میڈیا کو متنازعہ بنانے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی ، چوہدری نثار چائے کی پیالی میں طوفان اٹھانے کی بجائے اگر کسی کے بارے ان کے پاس انفرادی ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں ، قومی اداروں کے خلاف بالخصوص میڈیا کے خلاف سازشیں کرنے کی ن لیگ پوری تاریخ رکھتی ہے ، قوم کو ابھی یہ بات نہیں بھولی کہ کس کے دور میں قومی اخبارات کے دفاتر جلائے گئے ،اکاﺅنٹس منجمد کرکے بلاواسطہ سینکڑوں صحافیوں اور اخبارات کی صنعت سے وابستہ بالواسطہ ہزاروں کارکنان کو روزگار سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی ، انہوں نے کہا کہ سینئر صحافیوں اور قومی میڈیا کی کردار کشی ان کے مائنڈسیٹ کے مطابق ہے مگر سازشی ٹولہ اپنے مذموم مقاصد میں ہر گز کامیاب نہیں ہو گا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -