وحدت روڈ موڑ پر تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا، سروس روڈ مکمل بند

وحدت روڈ موڑ پر تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا، سروس روڈ مکمل بند

لاہور(انویسٹی گیشن سیل) پی ایچ اے اور اقبال ٹاﺅن کے عملے کی ملی بھگت سے ملتان چونگی وحدت روڈ موڑ پر سٹالز لگا کر قائم کی گئی تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا ، سروس روڈ مکمل بند جبکہ سڑک کنارے خوبصورتی کے لیے بنائے گئے پی ایچ اے کے پارک کے اندرہوٹل کھول کر قبضہ جمالیا گیا ، انتظامیہ خاموشی اختیار کرلی ،اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عارضی سٹالز ختم کرواکر علاقے کے حسن کو تباہ ہونے سے بچایا جائے ، ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان چونگی وحدت روڈ موڑ پر کچھ عرصہ سے پپو ٹکی والا ، عباس ٹکی والا، اشرف لیمن سوڈا اور ٹی سٹالوں سمیت متعدد افراد نے نہ صرف راہگیروں کے لیے بنائے گئے فٹ پاتھ پر سٹالز سجا کر قبضہ کررکھا ہے بلکہ سروس روڈ پر موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی پارکنگ اور کرسیاں میزیں لگا کر تجاوزات قائم رکھی ہیں ، اس کے علاوہ ان سٹالوں کے مالکان نے ایک دوسرے کے ساتھ مقابلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین سڑک اور سروس روڈ کے عین درمیان میں ماحول کی خوبصورتی کے لئے بنائے گئے پی ایچ اے کے پارک کے اندر بھی کرسیاں اور میزیں لگا کر قبضہ جما رکھا ہے جس سے پارک کا حسن تباہ ہورہا ہے شام ڈھلتے ہی ان سٹالوں پر لوگوں کا ہجوم لگ جاتا ہے جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہتا ہے ذرائع کے مطابق علامہ اقبال ٹاﺅن اور پی ایچ اے کے عملے کے بعض ارکان مبینہ طور پر ان سٹالوں کے مالکان سے منتھلیاں وصول کرتے ہیں جس کے باعث متعلقہ ادارے ان تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4