حکومت کے دن گنے جاچکے حالات مزید خراب ہوئے تو فوج کو آنا پڑے گا، شیخ رشید
اسلام آباد(آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پر ریاستی طاقت کا استعمال قابل مذمت ہے اوراگرحالات مزید خراب ہوگئے تو فوج کو ہی بلانا پڑے گا۔ ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو ریاستی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اپنے لئے مسائل پیدا کردیئے ہیں، امریکا اور برطانیہ میں بھی وزیراعظم اور ایوان صدر کے باہر احتجاج ہوتا ہے، اگر مظاہرین کی جانب سے پرامن احتجاج کیا جارہا تھا تو انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور حکومتی پالیسیوں کے ستائے عوام اب حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں فوج کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا، وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف کا چوہدری نثارعلی کی موجودگی میں فون آیا اور انہوں نے عمران خان اور طاہرالقادری سے ملنے کا کہا جس کے بعد آئی ایس پی آر نے واضح کردیا کہ حکومت نے خود آرمی چیف کو معاملے کے حل کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی اس غلط بیانی کے بعد انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا جواز نہیں بنتا۔