لبرٹی چوک میں دھرنادینے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج

لبرٹی چوک میں دھرنادینے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج


لاہور(وقائع نگار خصوصی +کرائم سیل)صوبائی دارالحکومت میں ہفتے کی رات لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی کے دھرنے کے سینکڑوں کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ چار سو کارکن نامعلوم ہیں جبکہ 60کے قریب نامزد رہنماوں کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ایس ایچ او گلبرگ ذوالفقار بٹ کے مطابق کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کی ،پولیس پر حملہ آور ہوئے توڑ پھوڑ کی ،راستے بند کر دیئے۔حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی کچھ دکانوں پر رکھے سامان کو نقصان پہنچایا اور ایک گھر کے باہر آگ بھی لگا دی۔جب ان کارکنوں کو روکا گیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا اور بعض پولیس اہلکاروں پر تشدد بھی کیا پولیس کی مزید نفری آنے پر وہ فرار ہو گئے ۔مظاہرین کے پتھراو اور اہلکاروں پر تشد د کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کیئے جس سے مظاہرین منتشر ہو گئے۔ایس ایچ او کے مطابق 80کے قریب کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جن کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعہ 7ATA بھی لگائی گئی ہے۔لبرٹی چوک میں رات گئے تک مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد پولیس کی مزید نفری منگوا لی گئی ۔

مقدمہ درج

مزید : صفحہ آخر