میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ، 45156امیدواروں کی شرکت

میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ، 45156امیدواروں کی شرکت

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار کے روزیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہوا۔ اس مقصد کیلئے لاہور سمیت صوبے کے 13شہروں میں 25امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ پنجاب بھر سے مجموعی طور پر45156 امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں 30575طالبات جبکہ 14581طلبہ شامل تھے۔ اسلام آباد میں ڈی چوک پر کشیدگی کے باوجود راولپنڈی میں قائم کردہ چاروں مراکز پر 5000 سے زائد امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔ لاہور میں 6امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے جن میں لارنس روڈ پر بورڈ کے ایگزامینیشن ہالز، وحدت روڈ پر پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی ہالز، گورنمنٹ کمپر ی ہنسوو گرلز ہائی سکول وحدت روڈ، گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول فار بوائز وحدت روڈ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور گونمنٹ سنٹرل ماڈل سکول لوئر مال شامل تھے۔ ٹیسٹ کے موقع پر سکیورٹی کے جامع انتظامات کئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ شہری دفاع کے رضاکار ،میڈیکل سٹاف اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موقع پر موجود تھا۔ اس موقع پرتمام امتحانی مراکز میں دفعہ144نافذ کی گئی تھی۔مزید برآں کلوز سرکٹ کیمرے، موبائل فون جامرز اور سکیورٹی واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے تھے۔ امتحان کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے، پارکنگ اور بچوں کے ہمراہ آنے والے والدین کے بیٹھنے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ لاہور کے چھ امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر 13374امیدواروں نے ٹیسٹ دیا جن میں سے 9198طالبات اور 4176طلبہ تھے۔ امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر سینئر بیوروکریٹس اور اعلیٰ انتظامی افسران نے ٹیسٹ کی نگرانی کی۔ لاہور میں ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈی جی پاپولیشن قیصر سلیم، ممبر ز بورڈ آف ریونیو جاوید نثار سید، ایڈیشنل کمشنر ریونیو آصف اقبال اور ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کی نگرانی کی۔لاہور کی طرح پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی انٹری ٹیسٹ پرُ امن طریقے سے منعقد ہوا اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تمام سینٹرز پر امتحان کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جنریٹرز کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ حادثات یا طبیعیت کی خرابی کی صورت میں محکمہ صحت کا عملہ اور ایمبولینس کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ اس سال بھی انٹری ٹیسٹ میں سیلف سکورنگ سسٹم کو برقرار رکھا گیا ہے اور طلبہ اپنی جوابی کاربن کاپی کے ذریعے جوابی کلید کی مدد سے اپنا سکور خود معلوم کرسکتے ہیں ۔مزید برآں یو ایچ ایس نے مختلف کلرکوڈز کے پرچوں کی جوابی کلید اپنی ویب سائیٹ www.uhs.edu.pkپر جاری کردی ہے جس کی مدد سے امیدوار اپنا رزلٹ خودتیار کرسکتے ہیں۔ سرکاری طور پر نتائج کا اعلان10روز میں کیا جائیگا۔اگلے مرحلے میں صرف وہی امیدوار اوپن میرٹ کی بنیادپر ایڈمیشن فارم جمع کرانے کے اہل ہوں گے جو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے فارمولے کے مطابق 82فیصد یا اس سے زائد مجموعی نمبر حاصل کریں گے۔ داخلہ فارم 23ستمبر سے 02اکتوبر تک جمع کرائے جاسکیں گے جن میں امیدوار کالجز کیلئے اپنی چوائس دیں گے۔ یہ داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یو ایچ ایس لاہور، راولپنڈی میڈیکل کالج راولپنڈی اور نشتر میڈیکل کالج ملتان سے ان تاریخوں کے دوران مفت دستیاب ہوں گے۔ میڈیکل کالجوں کیلئے پہلی لسٹ 30اکتوبر کو لگے گی۔

 

مزید :

صفحہ آخر -