اسلحے کی خریداری کیلئے بھارتی حکومت نے عوام سے عطیات دینے کی اپیل کردی
نئی دہلی (ویب ڈیسک )بھارتی حکومت نے جنگی ہتھیاروں کی خریداری اور ہلاک فوجی جوانوں کے لواحقین کی امدادکے لئے ایک نئی سکیم شروع کردی ہے۔ مودی حکومت نے ایک اوپن بینک اکاﺅنٹ کھولا ہے جس میں عوام سے براہ راست فوجی اسلے کی خریداری کے لئے عطیات جمع کرانے کی اپیل کی گئی۔اس میں ایک روپیہ بھی عطیہ دیا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس اسکیم کے تحت مودی حکومت نے آرمی ویلفیئراکاﺅنٹ کھولا ہے جس میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس اکاﺅنٹ میں براہ را ست عطیات جمع کرائیں۔ جنگوں میں ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں کے خاندانوں کی امددا اوربھارتی فوج کے لئے اسلحے کی خریداری کے لئے یہ خصوصی اکائونٹ کھولا گیا ہے، اس سے پہلے کبھی ایسی مثال نہیں ملی کہ حکومت نے فوجیوں کی امداد اور جنگی اسلحے کی خریداری کے لئے لوگوں سے عطیات کی درخواست کی ہو۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی عوام کی طرف سے یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ جنگی ہلاکتوں اور فوجی اسلحے کی خریداری کےلئے ایک اوپن بینک اکاﺅنٹ کھولا جائے،مودی حکومت نے اس تجویز کو قبول کرلیا اور نئی دہلی میں سینڈیکیٹ بینک میں اکاﺅنٹ کھول دیا ہے۔اس سکیم کا حیران کن پہلو یہ کہ اس میں عوام سب سے کم عطیہ ’ایک روپیہ‘ بھی جمع کراسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کی آبادی ایک ارب 30کروڑ ہے اگر اسکیم کے تحت 70فی صد آبادی یعنی ایک سو کروڑ افراد ایک روپیہ فی کس یومیہ جمع کرائیں تو وزارت کو یومیہ ایک ارب روپے وصول ہوں گے، 30 ارب فی ماہ اور تین کھر ب ساٹھ ارب(36ہزار کروڑ) بھارتی روپے سالانہ جمع ہوں گے رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ رقم پاکستان کے مجموعی دفاعی بجٹ سے زیادہ ہو جائے گی۔اپیل میں کہا گیا کہ ہم دیگر غیر ضروری اشیاءکی خریداری پر ہزاروں روپے خرچ کر دیتے ہیں لیکن اپنی فوج کےلئے روزانہ ایک روپیہ نہیں نکال سکتے۔