’’آزادی‘‘ نومبر میں عام نمائش کیلئے پیش کی جائے گی

’’آزادی‘‘ نومبر میں عام نمائش کیلئے پیش کی جائے گی
 ’’آزادی‘‘ نومبر میں عام نمائش کیلئے پیش کی جائے گی

  

لاہور(فلم رپورٹر)ڈائریکٹر عمران ملک کی فلم ’’آزادی‘‘ رواں برس نومبر میں عام نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ فلم کا فرسٹ لْک جاری کر دیا گیا ہے۔ فلم کے نمایاں فنکاروں میں معمر رانا ، سونیا حسین اور ندیم بیگ شامل ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر ماضی کے معروف ہدایتکار و پروڈیوسر پرویز ملک کے صاحبزادے عرفان ملک اور عمران ملک جبکہ فلم کی کہانی بھی عمران ملک نے تحریر کی ہے۔ پرویز ملک فلمز اور اے آر وائی فلمز کی مشترکہ فلم ’’آزادی‘‘ کا ٹیزر کشمیر ڈے کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا۔ پاکستان کی زیرتکمیل فلم 'آزادی' ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو اپنا سب کچھ کشمیر کی آزادی کے لیے قربان کردیتا ہے۔فلم کی کہانی کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیری مجاہدین کے گرد گھوم رہی ہے۔

فلم میں معمر رانا ایک خوبرو کشمیری مجاہد کے روپ میں جلوہ گر ہورہے ہیں جوکہ اپنی جنت نظیر وادی کشمیر کو بھارتی غاصبوں کے تسلط سے آزاد کرانے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کاجذبہ رکھتا ہے۔ اداکارہ سونیاحسین فلم میں روایتی کردار سے ہٹ کر اداکاری کرتی نظرآئیں گی‘ وہ ندیم بیگ کی بیٹی کا کردار ادا کررہی ہیں جو کہ اپنے والد کے نقشِ قدم پر حریت کے مشن کو آگے لے کر چلے گی۔فلم میں سونیا حسین نے پاکستانی نڑاد برطانوی صحافی کا کردار ادا کیا ہے جس میں خواتین کی ترقی کا بھی مضبوط پیغام دیا گیا ہے۔ جبکہ فلم میں ندیم بیگ ایک ایسے بزرگ کا کردارادا کررہے ہیں جن کی ساری زندگی کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے گزرگئی ہے اور اس راہ میں انہوں نے اپنا سب کچھ قربان کردیاہے۔فلم آزادی کو آسٹریلین سینماٹوگرافر بین جیسپر کی خدمات بھی حاصل تھی جبکہ فلم آزادی کی موسیقی کے حوالے سے بھی تمام عنصر کو شامل کیا گیا ہے فلم کی موسیقی ساحر علی بگا نے دی ہیں جبکہ گلوکاروں میں راحت فتح علی خان، قرۃ العین بلوچ اور شفقت امانت علی خان کی مدھر آوازیں شامل کی گئی ہیں۔

مزید :

کلچر -