البیراک ویسٹ مینجمنٹ کی ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی واک

البیراک ویسٹ مینجمنٹ کی ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی واک

  

لاہور(جنرل رپورٹر)البیراک ویسٹ مینجمنٹ اور سٹی ٹریفک پولیس کے زیرِ اہتمام جمعرات کے روز فیروز پور روڈ پر ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک میں البیراک کمیونیکیشنز اور آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار شریک تھے۔ آگاہی واک کا مقصد شہریوں کو عید الاضحی کے ایام میں ٹریفک کے اصولوں کا پابند بنانا ہے۔سی ٹی او ررائے اعجاز احمد نے ٹرانسپورٹرزاور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں ۔

تاکہ کسی بھی قسم کی حادثاتی صورتحال سے بچا جا سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری آلائشیں اور کوڑا کر کٹ کھلے عام نہ پھینکیں کیونکہ اس سے جانوراور پرندے سڑکوں کی طرف آئیں گے جس کی وجہ سے حادثات کے مواقع بڑھ سکتے ہیں۔ البیراک کی جانب سے منیجر کمیونیکیشنز نعیمہ سعید، اسسٹنٹ منیجرز سعدیہ رفیق، سہیل محمود اور سلمان اعجازآگاہی واک میں شریک تھے۔مزید براں، البیراک ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے عید الاضحی کی آمدسے قبل شہر میں صفائی انتظامات اور دیگر تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ مختلف یونین کونسلوں میں عید کے حوالے سے صفائی و آگاہی کیمپس کے قیام کا عمل بھی مکمل ہوگیا ہے جہاں شہریوں کو جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے ویسٹ بیگز فراہم کئے جائیں گے جبکہ البیراک کا مرکزی کیمپ الحمراء کے قریب قائم ہوگا۔ البیراک اس سال بھی شہریوں کو صاف ستھرا لاہور فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے جس کیلئے فیلڈ میں اضافی مشینری اور وسائل فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ عید کے موقع پر مختلف یونین کونسلوں میں اضافی گاڑیاں بھی موجود ہوں گی جبکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے سینٹری ورک فورس اپنی ڈیوٹی پر مامور رہے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -