بھارت: ڈاکٹرز کی لڑائی نے نومولود کی جان لے لی: وڈیو وائرل

بھارت: ڈاکٹرز کی لڑائی نے نومولود کی جان لے لی: وڈیو وائرل

  

جودھ پور(این این آئی)بھارت کے ایک ہسپتال میں آپریشن تھیٹر کے اندر دو ڈاکٹرز مریض کو چھوڑ کر آپس میں لڑتے رہے جس نے نومولود کی جان لے لی اور واقعہ کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی شہر جودھ پور میں پیش آیا جہاں انیتا نامی حاملہ خاتون کو بچے کی پیدائش کیلئے ایمرجنسی میں لایا گیا اور آپریشن کے بعد خاتون کے ہاں ایک بچی کی پیدائش ہوئی تاہم پیدائش کے فوری بعد بچی چل بسی۔ انٹرنیٹ پر جاری کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مریضہ بستر پر لیٹی ہوئی ہے اور دو ڈاکٹرز کسی بات پر آپس میں جھگڑا کر رہے ہیں۔واقعہ کے خلاف ہسپتال انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور آپریشن تھیٹر میں موجود تمام افراد کے بیانات ریکارڈ کر دئیے ہیں۔ دوسری جانب مقامی عدالت نے بھی ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نوزائیدہ بچی کی موت کی وجہ بتائے۔ راجستھان کے لیگل سروسز اتھارٹی کے سیکرٹری نے عدالت کو بتایا کہ جس آپریشن تھیٹر میں انیتا کی بچی کی موت ہوئی وہیں ایک دوسری خاتون نسیم بانو بھی موجود تھیں اور انہوں نے بھی بچی کو جنم دیا تاہم وہ بالکل تندرست ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ بچی کی موت کی وجہ ڈاکٹرز کی غفلت تو نہیں۔ہسپتال کی سپرنٹنڈنٹ رنجانا دیسائی کا کہنا ہے کہ جب انیتا کو لایا گیا تو اس کی حالت تشویشناک تھی لہٰذا فوری طور پر اس کا آپریشن کرنا پڑا تاہم بچی کو نہ بچایا جا سکا ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -