شفیق آباد ، لیڈی کونسلر کے بیٹے کے ہاتھوں قتل ہونیوالا شخص سپرد خاک
لاہور(خبرنگار) شفیق آباد کے علاقہ میں قربانی کے جانوروں کو ڈرانے سے منع کرنے پر 50 سالہ محمد نعیم کے قاتل کو پولیس 48 گھنٹے گزر جانے کے باوجود گرفتار نہیں کر سکی ۔ 50 سالہ مقتول محمد نعیم کو گزشتہ روز نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ محمد نعیم نے محلے کی لیڈی کونسلر کے اوباش بیٹے ٹونی کو قربانی کے جانوروں کو موٹر سائیکل پر ریس لگا کر ڈرانے سے منع کیا تھا جس پر ملزم نے 50 سالہ محمد نعیم کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد محنت کش محمد نعیم کی نعش ورثاء کے حوالے کی تو ہر آنکھ اشکبار تھی اور علاقہ میں سوگ کا سماں تھا۔ واقعہ کے خلاف لواحقین اوراہل علاقہ سراپا احتجاج بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب پولیس 48 گھنٹے گزر جانے کے باوجود ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے جس پر مقتول کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔