5ملز موں کی بریت سے دہشت گردوں کی فتح کا تاثر ابھرا ، :فرحت اللہ بابر

5ملز موں کی بریت سے دہشت گردوں کی فتح کا تاثر ابھرا ، :فرحت اللہ بابر

  

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ وقت بے نظیر بھٹو کے قتل کی سازش بے نقاب کرے گا ، بے نظیر بھٹو کے قتل کی ذمہ داری ریاست کے تمام عناصر پر عائد ہوتی ہے ، قتل کے ذمہ دار پانچوں ملزموں کی بریت سے دہشت گردوں کی فتح کا تاثر ابھرا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ فیصلے سے ہمیں سخت مایوسی ہوئی ہے، ہماری حکومت کے دور میں کی گئی تحقیقات سے یہ بات واضح ہوگئی تھی کہ گرفتار کئے گئے پانچوں ملزموں کا تعلق القاعدہ اور طالبان سے تھا ، دہشت گردبے نظیر بھٹو کے خون کے پیاسے تھے۔ بے نظیر بھٹو کا قتل ایک گھمبیر سازش تھی ، شاید اس سازش سے کبھی پردہ نہ اٹھ سکے لیکن ہمیں امید ہے کہ وقت ایک نہ ایک دن ضرور اس سے پردہ اٹھائے گا۔ اس سارے مقدمے میں پیپلزپارٹی کو درخواست دینے کے باوجود عدالت نے فریق نہیں بنایا تھا ۔پرویز مشرف نے بے نظیر بھٹو کو وطن واپسی پر سکیورٹی دینے سے انکار کردیا تھا ، پولیس افسر کو جائے وقوعہ دھونے کا حکم اعلیٰ حکام نے دیا تھا۔ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کی گئی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تجی کہ خود کش حملہ آور ناصر شاہ ان پانچوں ملزموں کے پاس حملے سے قبل ٹھہرا تھا جنہیں اب عدالت نے بری کردیا ہے۔ پیپلزپارٹی عدالت کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہی ہے ، قانونی جنگ جاری رکھے گی۔ پانچوں ملزمان کی بریت کے فیصلے کو قابل افسوس قراردیتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ فیصلے کے وقت پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو عدالت میں موجود ہونا چاہیے تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -