قائم مقام گورنر سندھ کا بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

قائم مقام گورنر سندھ کا بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے بارش سے متاثر ہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ہدایات دیں ۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے کچھ علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ،حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام اقدامات کو بروئے کار لارہی ہے اس وقت تمام ادارے فعال کردار ادا کررہے ہیں جبکہ مزید بارش کے پیش نظر بھی ہنگامی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اس ضمن میں 24 گھنٹے تمام صورتحال کی مانیٹرنگ کرینگے اور جہاں بھی کوئی مسئلہ ہوا اسے فوری حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ،شہر میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دے دی گئی ہے کہ وہ ایمر جنسی کی صورت میں ہنگامی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ قائم مقام گورنر سندھ شہر کے دورہ کے دوران ٹاور ، آئی آئی چندریگر روڈ ، صدر ، گلشن اقبال ، لیاری اور ماڑی پور سمیت دیگر علاقوں میں بھی گئے اور وہاں بارش کے پانی کی نکاسی کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ شہر کے کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں پانی جمع ہے لیکن وہاں پر پانی کی نکاسی کا کام بھی تیزی جاری ہے ،یہ قدرتی آزمائش ہے اس سے نبر د آزما ہونے کے لئے ہم سب کو ایک ہونا چاہئے تاکہ عوام کی بہتر خدمت ہو سکے ،چند علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہے جسے فوری نکالنے کے لئے ادارے کام کررہے ہیں شہر سے بہت جلد بارش کے پانی کی نکاسی ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی میں بڑی رکاوٹ نالوں میں کچرے کا جمع ہونا اور تجاوزات ہے جس کے باعث پانی کی نکاسی موئثر طریقہ سے نہیں ہو پارہی ہے اس ضمن میں متعلقہ ادارے نالوں سے کچرہ صاف کرکے پانی کی روانی کو بہتر بنا رہے ہیں جبکہ ڈرینج پمپ بھی لگا دیئے گئے ہیں جہاں جہاں پانی جمع ہے متعلقہ حکام کو اس کی نکاسی کی ہدایت دے دی گئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں زیادہ پانی جمع ہے وہاں اضافی پمپ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے اس وقت شہر کے متاثرہ علاقوں میں بہت تیزی سے کام جاری ہے ، میونسپل انتظامیہ ، واٹر بورڈ ، پی ڈی ایم اے ، بلدیاتی اداروں سمیت دیگر ادارے فعال کردار ادا کررہے ہیں ۔قائم مقام گورنر سندھ نے گلشن اقبال میں لیاری ایکسپریس وے سے لیاری ندی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پانی کے بہاؤ سے یہ بات باالکل واضح ہے کہ پانی صحیح ڈرینج ہو رہا ہے ۔

مزید :

علاقائی -