دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے اقدامات اور قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہئے : شہباز شریف

دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے اقدامات اور قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی جس میں ملکی صورتحال، سیاسی امور اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے اور ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کی عزت اور توقیر عزیز ہے۔ زندہ قومیں چیلنجز کا مقابلہ بہادری سے کرتی ہیں۔ موجودہ چیلنجز پاکستانی قوم کیلئے نئے مواقع لے کر سامنے آئے ہیں اور ان مواقعوں سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا موقع ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی ملک کو اپنے تعاون کو جواز بنا کر پاکستانی عوام پر ناروا الزامات لگانے یا بے جا مطالبات کا کوئی حق نہیں۔ پاکستان کے عوام اپنی قسمت آپ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ملک کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے جذبے ،محنت اور ہمت سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کی اقوام عالم میں کوئی دوسری نظیر موجود نہیں۔پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ان عظیم قربانیوں کے باعث آج وطن عزیز پرامن اور محفوظ ہے۔ پاکستان کی بیش قیمت قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات اور قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیئے۔ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہے اور یہ وقت اتفاق اور یکجہتی کا ہے، قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں۔ پاکستان کیلئے سب کو ایک ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔
شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا چار گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں عیدالاضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ورلڈ الیون کرکٹ میچ لاہور میں کرانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی مشاورت سے ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے درمیان میچز لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی نے مکمل مشاورت کے بعد ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے مابین میچز لاہور میں کرانے کی اجازت دے دی ہے۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے میچز کے لئے سو فیصد سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی اوران میچوں کے لئے پی ایس ایل فائنل کی طرز پر بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔ ان میچوں کو کامیاب بنانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو محنت اور جذبے سے کام کرنا ہو گااورسب نے ایک ٹیم کے طور پر کام کر کے نتائج دیناہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے بہترین کوارڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں اورفول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامات بھی شاندار ہونے چاہیءں جس طرح آپ نے پہلے محنت ، لگن اور جذبے سے کام کیا اسی عزم کے ساتھ آئندہ بھی فرائض کی ذمہ داری نبھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔بازاروں، پارکوں اور مارکیٹوں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی ہو گی اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اورمیں کسی صورت خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر وضع کردہ سیکورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے اورنمازعیدالاضحی کے اجتماعات کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔صوبائی وزراء کرنل( ر)ایوب گادھی، جہانگیر خانزادہ ، مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، انسپکٹر جنرل پولیس،انتظامی و اعلی پولیس افسران اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -