نواز شریف سے مقابلہ کیلئے اب دوسرے گھوڑے ، مہرے لائے جارہے ہیں : مریم نواز

نواز شریف سے مقابلہ کیلئے اب دوسرے گھوڑے ، مہرے لائے جارہے ہیں : مریم نواز

  

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نوازنے کہا ہے کہ ایک اکیلا شخص نواز شریف کا مقابلہ نہیں کر سکا تو اب دوسرے گھوڑے اور مہرے لائے جارہے ہیں ،نواز شریف کی قریبی ساتھی ہونے کے ناطے بہت کچھ برداشت کیا اور بہت سی سازشیں سینے میں لی ہیں لیکن اپنے لیڈر پر آنچ نہیں آنے دی ، والد کا ساتھ دینے کی وجہ سے ڈان لیکس اور پانامہ لیکس جیسے الزامات لگے ،عوام 17ستمبر کو بتا دیں تمہارا فیصلہ جو بھی ہو ہمارا فیصلہ نواز شریف ہے ،جب دھرنے ،دھاندلی کی سازش نہ چلی جب پانامہ نہ چلا تو اقامہ چل گیا ،عوام 17ستمبر کو سازش کی سیاست کرنے والوں ،مہرہ بننے والوں کو بتا دیں گے عوام کا فیصلہ نواز شریف ہے او رتمہیں عوا م کا فیصلہ ماننا پڑے گا ، نواز شریف کا فیصلہ اب کوئی عدالت نہیں کر یگی اب یہ عوام کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 120کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں مزنگ میں خواتین کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شائستہ پرویزملک ، صباء صادق ،ماجد ظہور ، میاں مرغوب ، مائزہ حمید سمیت خواتین اراکین پنجاب اسمبلی اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ مریم نواز نے کہا کہ ساڑھے چار سال سازشوں کے باوجود نواز شریف مضبوط دیوار بن کھڑے رہے اورہر سازش کا مقابلہ کیا ۔ نواز شریف کی نا اہلی کے بعد عوام کے جذبے میں واضح فرق نظر آرہا ہے ۔فیصلے کے بعد ہر طرف جذبہ ،محبت ، شفقت دیکھ رہے ہیں اور یہ پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی ۔ مریم نوازنے کہا کہ جب میں نے 2013ء میں اپنے والد کی انتخابی مہم چلائی تھی تو اس وقت ہر گھر ہر گلی میں لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے تھے ، مارکیٹوں کی رونقیں ختم تھیں لیکن اب جب میں اپنی والدہ کی انتخابی مہم چلا رہی ہوں تو ہر گلی محلہ روشن ہے بجلی آ رہی ہے لوڈ شیڈنگ کا نام و نشان نہیں ۔ میں یہ سوال پوچھتی ہوں جب پاکستان ترقی کررہا تھا ، لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم ہو رہے تھے ، سی پیک بن رہا تھا ،موٹر ویز بن رہی تھیں ، پاکستان معاشی بد حالی سے باہر آرہا تھا ، دہشتگردی کا خاتمہ ہوا رہا تھا تو ایسے وقت میں پاکستان کی ترقی کو کیوں روکا گیا ؟۔عوام جاننا چاہتی ہے کہ ایسے وقت میں ملک کو کیوں کمزور کیا گیا ،نواز شریف کی قیادت میں ملک کو غیر مستحکم کیوں کیا گیا ؟۔ جب دھرنے ،دھاندلی کی سازش نہ چلی جب پانامہ نہ چلا تو اقامہ چل گیا ۔ عوام سوال کریں اگر انصاف دیکھنا ہو تو پاکستان میںآکر دیکھو جہاں مشرف جیسا ڈکٹیٹر جو پاکستان کے آئین و قانون کو توڑنا ہے وہ آج بے گناہ ٹھہرا ، جو شخص جھوٹا ہے بھاگا ہوا ہے پہاڑوں پر چڑھا ہوا ہے پارلیمنٹ پر حملہ کرتا ہے جس نے ملک کو یر غمال بنائے رکھا وہ آج صادق ٹھہرا جس کا امانت سے دور کا بھی واسطہ نہیں وہ آج امین ٹھہرا ۔ نواز شریف پر مقدمہ چلا کہ بڑے بیٹے سے پیسے کیوں لیے ، چھوٹے بیٹے سے پیسے کیوں نہیں لئے اورنا اہل کر دیا گیا ، جنہیں گھر والے بھی صادق اور امین نہیں مانتے وہ آج صادق اور امین ٹھہرے ۔

مریم نواز

مزید :

صفحہ اول -