مریض کے سفید خلیوں سے کینسر کے علاج کی منظوری
نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ میں حکام نے پہلی مرتبہ ایک ایسے طریقہ علاج کی منظوری دے دی ہے جس میں مریض کے اپنے مدافعتی نظام کو تبدیل کر کے کینسر کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔امریکہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے اور طب کا شعبہ ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔دوا ساز کمپنی نواٹرس ’لوِنگ ڈرگ تھیراپی‘ نامی اس طریقہ علاج کے لیے چار لاکھ 75 ہزار ڈالر لے رہی ہے اور اس سے خون کے ایک مخصوص قسم کے سرطان کے تقریباً 83 فیصد مریض شفایاب ہوئے ہیں۔برطانیہ میں بھی ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ سرطان کے علاج کے لیے یہ ایک بہترین قدم ہے۔یہ طریقہ علاج ہر مریض کے لیے مختلف اور صرف اسی کے لیے مخصوص ہوتا ہے اور اسی وجہ سے یہ روایتی طریقوں جیسے کہ کیموتھراپی سے مختلف ہے۔اس کا نام کار۔ٹی رکھا گیا ہے۔