تیمر گرہ ڈگری کالج کی تکمیل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر 3ارب روپے جاری کئے گئے :مظفر سید ایڈووکیٹ
پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ تیمر گرہ ڈگری کالج کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کیلئے تین ارب روپے جاری کر دئیے گئے ہیں اور اس پیشہ ورانہ ادارے کے قیام کے پی سی ون کی مکمل منظوری کے بعد سی اینڈڈبلیو اور پی اینڈڈی ڈیپارٹمنٹ کو ایک ہفتے کے اندر تمام ضروریات پوری کرنیکی ہدایت کی گئی ہے جہاں ہر صورت آئندہ تعلیمی سال سے باقاعدہ ایم بی بی ایس کلاسز کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تیمر گرہ ڈگری کالج جیسے پیشہ ورانہ اداروں کے قیام سے ہی نسلیں ترقی کے میدان میں قدم رکھتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر پشاور سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ تیمر گرہ ڈگری کالج کا قیام پورے مالاکنڈڈویژن اور خاص کر دیر کے عوام کا ایک دیرینہ خواب تھا جس کی تعبیر موجود ہ صوبائی حکومت کا ناقابل فراموش کارنامہ ہے جسے مالاکنڈکے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔انکاکہناتھاکہ تیمر گرہ ڈگری کالج کا قیام نہ صرف وہاں کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار اداکرے گا بلکہ اس سے طلباء میں تعلیم کے حصول کارجحان بھی بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مالاکنڈڈویژن میں اربوں کھربوں روپے کے ترقیاتی کام کر کے یہاں کے عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔وزیر خزانہ نے کہاکہ دیر سمیت پورے مالاکنڈ کے عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات بہم پہنچانا ان کی اولین ترجیح ہے اس کے علاوہ اربوں روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر،سکولوں اور کالجوں کا قیام اور ان کی اپ گریڈیشن سمیت جدید تقاضوں سے ہم آہنگ لیبارٹریوں اور کمپیوٹر آئی ٹی لیبز مہیا کی گئی ہیں جس سے مالاکنڈ کے طلباء کے پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں میں تربیت حاصل کرنے سے یہاں کے لوگوں کا احساس محرومی ختم ہونے اور پسماندگی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔