کراچی میں بارش سے تباہی پھیل گئی ہے ،پاک سر زمین پارٹی

کراچی میں بارش سے تباہی پھیل گئی ہے ،پاک سر زمین پارٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاک سر زمین پارٹی کے ترجمان نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں بارش سے تباہی پھیل گئی ہے پورا شہر تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے، عوام سخت تکلیف میں مبتلا ہے، صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ غفلت کی نیند سوئی ہوئی ہے، عوام اپنی مدد آپ ریلیف کے کام کرنے پر مجبور ہیں، بارش کے بعد صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے، شہر میں جگہ جگہ کھلے مین ہولز اور گڑھے شہریوں کے ساتھ حادث کا سبب بنتے رہے جبکہ گاڑیاں گڑھوں میں پھنس گئیں. انہوں نے کہا کہ کراچی کی یہ صورت حال بارشوں سے قبل برساتی نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے، بارش کے پانی کے ساتھ پہلے سے جمع ہوا کچرا کیچڑ کی شکل اختیار کر گیا ہے جو عوام کے مسائل میں اضافہ کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد کراچی کی صورتحال صوبائی و شہری انتظامیہ کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔کراچی کے بیشتر علاقے زیرِ آب آچکے ہیں اور وہاں کے رہائشی ہنگامی بنیادوں پر انتظامی امداد کے منتظر ہیں جبکہ منتخب عوامی نمائندے ایک بار پھر عوام کا ساتھ دینے کے بجائے منظر عام سے غائب ہیں اور اب بارشیں ختم ہونے کے بعد شہر کے نمائشی دوروں کا سلسلہ شروع کر دیں گے. انہوں نے وفاقی اور سندھ کی صوبائی حکومت سے بارش کے متاثرین کے جانی و مالی نقصان کے ازالے، شہر قائد کے متاثرہ علاقوں میں رین ایمرجنسی کیمپس بنانے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔