جماعت اسلامی کا انسانی جانوں و املاک کے نقصان پر اظہارافسوس

جماعت اسلامی کا انسانی جانوں و املاک کے نقصان پر اظہارافسوس

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کراچی سمیت سندھ میں حالیہ بارشوں سے قیمتی انسانی جانوں و املاک کے نقصان پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت معمولات زندگی کی بحالی سمیت نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور شہریوں کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے خصوصی اور کرپشن فری اقدامات کرے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگی اطلاعات کے باوجود بارش سے نمٹنے اور شہریوں کو سہولیات فراہم نہ کرنا صوبائی و شہری حکومت کی بدترین ناکامی و نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بارش کے موقع پر عوام کو بے یارو مددگار چھوڑدیا گیا ہے۔ کراچی حیدرآباد سمیت سندھ میں بارش کا پانی سڑکوں، چوراہوں اور گلی محلوں میں ندی نالوں و تالاب کا منظر پیش کررہا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام معمولات زندگی مفلوج اور عوام اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں ۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ صوبائی و مقامی حکومتیں اس کام کو اپنی انا اور سیاست کی نظرکرنے کی بجائے بارش کے پانی کی نکاسی، صفائی ستھرائی اور وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے اقدامت کر کے اپنا آئینی و اخلاقی فرض کو ادا کریں ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -