میونسپل کارپوریشن ملتان کا اجلاس، امریکی صدر کے بیان کی مذمت

میونسپل کارپوریشن ملتان کا اجلاس، امریکی صدر کے بیان کی مذمت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان (سپیشل رپورٹر)میونسپل کارپوریشن ملتان کے اجلاس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی نااہلی کے فیصلہ و امریکی صدر کے بیانات کے خلاف، واسا کے نامکمل منصوبے بروقت مکمل کرنے صفائی کی صورتحال بہتر کرنے، ملتان (بقیہ نمبر9صفحہ12پر )
میں سپیشل ایجوکیشن کالج بنانے کی قراردادیں منظور کر لی گئی ہیں جبکہ اپوزیشن نے میاں محمد نواز شریف کی نااہلی کے فیصلہ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرنے پر شدید احتجاج کیا جس پر ہال گو نواز گو اور رو عمران رو کے نعروں سے گونجتا رہا، حکومت اور پاک فوج کے حق میں بھی نعرے لگائے جاتے رہے گذشتہ روز بوسن ہال میں کنونئیر منور احسان قریشی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسلم ہمایوں نے قرارداد پیش کی کہ وہ میاں محمد نواز شریف کی نااہلی کی شدید مذمت کرتے ہیں جس پر حکومتی ممبران نے ڈیسک بجا کر قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے اسے منظور کر لیا اپوزیشن ممبران نے اس پر احتجاج کیا جس پر دنوں سیاسی پارٹیوں کے ممبران ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ اسلم ہمایوں نے کہا ہے کہ میاں نواز و شہباز شریف کے نام سے ٹورنامنٹ کرایا جائے جس پر اپوزیشن نے اعتراض کرتے ہوئے قائداعظم کے نام سے کرانے کا مطالبہ کیا۔ اعجاز فخر نے کہا ہے کہ منڈیوں میں ہر سال لاکھوں روپے کے گھپلے ہوتے ہیں منڈیوں میں سامان فراہمی ودیگر معاملات کی باقاعدہ ویڈیو بنائی جائے جس پر ایم او ریگولیشن احمد خان وٹو نے کہا ہے کہ گذشتہ سال ٹاونز کے زیر اہتمام لگائی جانیوالی مویشی منڈیوں پر 12ملین روپے کے اخراجات آئے تھے، رانا سجاد نے کہا ہے کہ صفائی کے نام پر پیسہ کا ضیائع کیا جارہا ہے۔ کنونئیر نے کہا کہ آپ درخواست دیں کمیٹی بنا دیتے ہیں۔ ضرار خان نے کہا ہے کہ اسمبلی میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ ممبران کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں تو میئر اور ڈپٹی میئر ز کیوں ممبران کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔ افسران کی کارکردگی رپورٹ اجلاس میں پیش کی جائے۔ میئر سالڈ ویسٹ کیچیئرمین ہیں مشینری کرائے پر لینے کے بجائے خرید سکتے تھے۔ شیخ فیاض اور زاہد خان نے کہا ہے کہ قبرستانوں کا سروے کروا کر ناجائز قبضے ختم کرائے جائیں، کنونئیر نے کہا ہے کہ آئندہ اجلاس میں اس کی تفصیل پیش کی جائے۔ اعجاز فخر نے کہا کہ بارش کے دوران واسا سمیت تمام متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں، بوگس سی ڈی آر جمع کرانے والے ٹھیکہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ سٹریٹ لائٹ نہ لگانے کی وجہ بھی بتائی جائے۔ قربان فاطمہ نے کہا ہے کہ لیڈیز ممبران کو فنڈز دیئے جائیں۔ رانا نعیم نے کہا ہے کہ ٹھیکیدار کام نہیں آتے اس کی تحقیقات کرائی جائے۔ آئندہ سیورمینوں کی حاضری وہ لگائیں گے۔ واسا افسر نسم چانڈیو نے کہا ہے کہ وہ چیئرمینوں کو دو کی بجائے تین سیور مین دینے کو تیار ہیں لیکن ایسا کرنے سے ان کے غیر حاضر رہنے کی شکایات زیادہ ہوں گی۔ قسور بھٹی اور محمد بخش بھٹی نے کہا ہے کہ شاہین مارکیٹ پلازے کا مسئلہ حل کیا جائے۔ زاہد بشیر نے قرارداد پیش کی کہ میاں شہباز شریف، سول اور فاطمہ جناح ہسپتال کو علیحدہ کیا جائے۔ ضرار خان کی جانب سے فنڈز اور اختیارات نہ دینے کی قرار داد پر اسلم ہمایوں نے کہا ہے کہ انہوں سے اس حوالے سے عدالت میں رٹ دائر کر رکھی ہے جس پر ضرار خان نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کو بھی عدالت نے نااہل قرار دیا ہے اس فیصلہ کا بھی احترام کیا جائے مذمتی قرارداد کیوں پیش کی گئی ہے جبکہ میٹرو روٹ پرفلائی اوور کے نیچے لائٹس چالو رکھنے پولیس کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے جرائم بڑھنے کے خلاف میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ بنانے نشتر ہسپتال کا ایمرجنسی وارڈ میں دوبارہ لیبارٹری شفٹ کرنے سمیت متعدد قراردادیں منظور کر لیں۔