قطری بحران، کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح امریکی دورہ پر آج روانہ ہوں گے

قطری بحران، کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح امریکی دورہ پر آج روانہ ہوں ...

  

دوحہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)خلیج فارس کی عرب ریاست کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح آج امریکا کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔

عرب ٹی وی الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کویتی امیر ہمسایہ ریاست قطر کے چار دوسری عرب ریاستوں کے ساتھ پیدا سفارتی تنازعے میں ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔کویت کے سرکاری میڈیا کے مطابق وہ اس تنازعے کی موجودہ صورت حال کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی ملاقات میں زیر بحث لانا چاہتے ہیں۔ وہ قیام امریکا کے دوران جمعرات 7 ستمبر کو امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ قطری بحران کے حل کے لیے امریکی حکام بھی خلیجی خطے کا دورہ کرتے رہے ہیں۔

قطر کا سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر کے ساتھ سفارتی تنازعہ رواں برس 5 جون سے جاری ہے۔ جب مذکورہ ممالک نے قطر پر دہشتگردوں کی معاونت کا لزام لگا کر تعلقات برطرف کر دیئے تھے، جس کے جوا ب میں قطر نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

گزشتہ روز برسلز میں کانفرنس کرتے ہوئے قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان نے بائیکاٹ کرنے والے ممالک کو قطر کی خارجہ پالیسی میں مداخلت کرنے سے باز رہنے کا حکم دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، قطر نے کبھی کسی ملک کی سیاست میں دخل اندازی نہیں کی اور یہ قبول نہیں کرتا کی کوئی دوسرا قطر کی سیاست میں مداخلت کرے۔

واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خلیجی ممالک کیلیے خارجہ پالیسی ابھی تک واضح طور پر سامنے نہیں آئی۔جبکہ امریکی صدر نے سعودی عرب کی معاونت کا علان منتخب ہوتے ہی کر دیا تھا۔ تا ہم بدھ کے روز ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی بادشاہ شاہ سلمان کو ٹیلی فون کے ذریعے قطری بحران جلد حل کرنے کیلیے زور ڈالا۔

مزید :

عرب دنیا -