نیشنل بینک اور UNDPکے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

نیشنل بینک اور UNDPکے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اکنامک رپورٹر) نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) اور یونائٹیڈنیشنز ڈیویلپمنٹ پروگرام (UNDP) نے پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم (PMYBL)کے لیے شراکت داری کی تشکیل کی غرض سے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔ اس شراکت داری کے تحت UNDP سے ووکیشنل اور بزنس ٹریننگ حاصل کرنے والے 21 سے 45 سال تک کے پاکستانی نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار قائم کرنے کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے ارزاں شرحوں پر قرض کی سہولت فراہم کی جائے گی۔یہ قرضے پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم کے تحت فراہم کیے جائیں گے اور اس کے لیے آگاہی میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب اسلام آباد میں واقع UNDPکے دفتر میں منعقد ہوئی۔ یادداشت پر نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد اور یونائٹیڈ نیشنز ڈیویلپمنٹ پروگرام کی جانب سے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر ہیو مینیٹیرین، نیل بیونا نے دستخط کیے۔ اس موقع پر UNDP کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر ہیومینیٹیرین، نیل بیونا نے کہا،’’خوشحال اور پر امن معاشرے اور متحرک معیشت کی تعمیر کیلئے پاکستانی نوجوانوں میں موجود تحریک اور توانائی پر توجہ دینا بہت ضروری ہے۔روایتی طور پر کم مراعات یافتہ برادریوں سے تعلق رکھنے والے تربیت یافتہ نوجوان مردوں اور عورتوں کے لیے فنانس اور معاشی مواقع تک رسائی کو یقینی بنا کرہم شمولیتی اور پائیدار معاشی ترقی حاصل کر سکتے ہیں جس سے معاشرے کے ہر شخص کو فائدہ پہنچے گا۔‘‘نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد نے کہا،’’پاکستان میں 60 فیصد سے زیادہ آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جسے سرکاری اور نجی سیکٹرروزگار فراہم کرتے ہیں۔تاہم، نوجوانوں کیلئے یہ بات بھی اہم ہے کہ وہ روزگار کیلئے دیگر مواقع تلاش کریں مثلاً اپنی مہارت کے مطابق خود اپنا کاروبار شروع کریں۔ انہیں خود کو ووکیشنل اسکلز سے آراستہ کرنا چاہیے جس سے وہ خودکو بین الاقوامی جاب مارکیٹوں میں ان مواقع سے فائدہ اٹھا نے کے قابل بنا سکیں گے۔ سعید احمد نے اپنے ووکیشنل ٹریننگ پروگراموں کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کا ہاتھ تھامنے کے لیے UNDP کے انداز اور طریقے کو زبردست انداز میں سراہا۔ انہوں نے کہا،’’ہمارے آبادی کے 60 فیصد حصے کے ساتھ یہ نا صرف ہمارے لیے ایک موقع ہے بلکہ اس گروپ کے لیے مستقبل کو درست سمت میں آگے بڑھانے کے لیے ایک چیلنج بھی ہے۔‘‘ پرائم منسٹر سیکریٹیریٹ میں واقع پرائم منسٹر یوتھ پروگرام(مانیٹرنگ)کے چیف کوآرڈینیٹر، مخدوم عدیل نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے نیشنل بینک آف پاکستان کے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ حکومت پاکستان نے (Youth Implementation Strategy) تشکیل دی ہے جس کے ذریعے تمام صوبے ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور اپنے اپنے علاقوں کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔اس اسٹریٹجی کو ہر صوبے کی تیکنکی، تعلیمی اور ووکیشنل ٹریننگ ضرورتوں کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔‘‘مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب میں نیشنل بینک آف پاکستان کی وائس پریزیڈنٹ محترمہ نگین رضوی اور گروپ ہیڈ عاصم اختر نے بھی شرکت کی۔