عدالت میں پیش نہ ہونے پر12 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا گیا
لاہور(نامہ نگار)ماڈل ٹاؤن کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے عدالت میں پیش نہ ہونے پر 12ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ عظمت اللہ کے روبرو کاہنہ، لیاقت آباد پولیس نے ملزمان کے خلاف درج مقدمات کا چالان پیش کیا،پراسیکیوشن کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزمان شراب برآمدگی،ون ویلنگ اور چوری کے مقدمات میں ملوث ہیں اور ضمانتیں کرانے کے بعد روپوش ہو چکے ہیں،ملزمان کو عدالت کی جانب سے متعدد بار طلبی کے نوٹس بھجوائے جا چکے ہیں تاہم وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہے ہیں،عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کے ضامنوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ،ملزمان میں عمر وقاص جاوید عبدالرحمان، فاروق ہارون، نعیم فیاض اور مدثر علی سمیت دیگر شامل ہیں۔