ایمانداری سے فرائض ادا کرنے والے پولیس افسران و اہلکار محکمہ کا فخر ہیں

ایمانداری سے فرائض ادا کرنے والے پولیس افسران و اہلکار محکمہ کا فخر ہیں

  

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے محنت ، لگن اور ایمانداری سے فرائض ادا کرنے والے پولیس افسران و اہلکار محکمہ کا فخر ہیں جن کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک لبیک ریلی کی سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دینے والے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ ریلی کے روٹ پر پولیس اہلکاروں نے جس جاں فشانی ، خلوص نیت اور پروفیشنل انداز میں ریلی کے شرکا کے تحفظ کو یقینی بنایا وہ قابل تحسین ہے اور امید کرتا ہوں کہ افسران و جوان مستقبل میں بھی اسی موثر حکمت عملی اور جذبہ سے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے آر پی اوز اور سی پی اوز نے ریلی کے دوران بہترین انداز میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا اور ریلی کے شرکا کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جو کہ لائق ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب پولیس تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنا فرض ادا کرتی رہے گی۔

مزید :

علاقائی -