سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت آج یکم ستمبرتک ملتوی
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت آج یکم ستمبرتک ملتوی کرتے ہوئے ادارہ منہاج القران کے گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔اب تک اس کیس میں 8گواہوں کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔عدالت میں پرائیویٹ استغاثہ اور پولیس چالان کی سماعت اکٹھی کی جا رہی ہے۔ دونوں کیسوں میں الگ الگ گواہ قلمبند کئے جا رہے ہیں۔ پرائیویٹ استغاثے میں 122ملزمان جبکہ پولیس چالان میں 42ملزمان نامزد ہیں۔ عدالت نے گزشتہ روزگواہوں کو طلب کررکھا تھا لیکن وکلا ء کے ہڑتال کی وجہ سے وہ پیش نہ ہوسکے اورکسی گواہ کا بیان قلمبند نہ ہوسکا۔