جوڈیشل کمپلیکس میں تعمیر اور تزین وآرائش کا کام مکمل
لاہور(نامہ نگار)جوڈیشل کمپلیکس میں 282کمروں پر مشتمل 3 منزلہ بلڈنگ کی تعمیر اور تزین وآرائش کا کام مکمل ہو گیاہے ،جن وکلا ء کے پاس چیمبر نہیں انہیں قرعہ اندازی کے ذریعے کمرے الاٹ کئے جائیں گے۔ افتتاح کے بعد بلڈنگ وکلا ء کے حوالے جلد کردی جائے گی۔وکلا ء کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ نئے وکلا کے بیٹھنے کی جگہ کم پڑگئی تھی اور وہ عدالتوں کے برآمدوں اور کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور تھے، اس پریشانی کو دیکھتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے جوڈیشل کمپلیکس کے سامنے کروڑوں روپے لگا کر 3منزلہ عمارت تعمیر کرائی جس میں 282کمرے ،2 بار روم،کانفرنس روم اور ایک لائبریری بنائی گئی ہے۔بلڈنگ کی تنزین وآرائش کام بھی مکمل ہو گیاہے، بجلی کا کام ہونے پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ افتتاح کے بعد بلڈنگ لاہور بار کے حوالے کردیں گے۔ عمارت میں 400گاڑیاں کھڑی ہونے کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔ لاہور بار کی طرف سے وکلا ء سے چیمبروں کے لئے درخواستیں مانگ لی گئی ہیں۔ چھوٹے کمرے میں 2،2 وکلا ء اور بڑے کمرے میں 3،3 وکلا ء کو بیٹھنے کے لئے جگہ دی جائے گی۔ یادر رہے کہ بار نے شرط رکھی ہے جن کے پاس کچہریوں میں بیٹھنے کی جگہ ہے وہ کمرے الاٹ نہیں کرا سکیں گے۔