پاکستان اور جاپان کے درمیان 2 کروڑ 13لاکھ 60ہزار ڈالر امداد کے 2معاہدے طے پا گئے

پاکستان اور جاپان کے درمیان 2 کروڑ 13لاکھ 60ہزار ڈالر امداد کے 2معاہدے طے پا گئے

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان اور جاپان کے درمیان دو کروڑ 13 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی امداد کے دو معاہدے طے پا گئے۔ یہ گرانٹ جاپانی حکومت کی جانب سے موسیماتی سرویلینس راڈار کی تنصیب اور انسانی وسائل کی ترقی کیلئے سکالرشپس کے لئے فراہم کی جائے گی۔ معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں ہوئی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور جاپان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور کازوکی ناکانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملتان شہر میں موسمیاتی رڈار کی تنصیب سے محکمہ موسمیات کی مشاہدہ اور پیشگی اطلاعات کی صلاحیت بڑھے گی جس کے نتیجے میں قدرتی آفات سے رونما ہونے والے اثرات کے ساتھ ساتھ زرعی مصنوعات اور ٹرانسپورٹیشن کو پہنچنے والے نقصانات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح انسانی وسائل کی ترقی کے لئے سکالرشپس کی فراہمی سے قابل نوجوان ملازمین کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی فراہمی کے لئے حکومت کی انتظامی استعداد بڑھے گی۔ وزیر خزانہ نے جاپان کی جانب سے توانائی، روڈ انفراسٹرکچر، صنعت، زراعت، پانی، صحت، تعلیم اور سیکورٹی کے شعبوں میں اقتصادی و تکنیکی معاونت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے ذریعے جاپانی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔ اس موقع پر جاپان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے وزیر خزانہ کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مستقبل میں مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پاک جاپان معاہدے

مزید :

صفحہ آخر -