آر ٹی ایس کو دانستہ روکا گیا ، چیئر مین نادرا کو ہٹایا جائے : تحریک انصاف ، سسٹم مکمل فعال رہا ، بند نہیں ہوا : ترجمان نادرا

آر ٹی ایس کو دانستہ روکا گیا ، چیئر مین نادرا کو ہٹایا جائے : تحریک انصاف ، ...

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ الیکشن کے روز نتائج منتقلی کی ایپ آر ٹی ایس کو دانستہ روکا گیا، کس نے روکا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شفاف تحقیقات یقینی بنانے کیلئے چیئرمین نادرا عثمان مبین کو عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے۔تحریک انصاف نے الیکشن کے روز آر ٹی ایس کی بندش کی تحقیقات مکمل کرلیں۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن یا اس کے عملے کو بچانے کیلئے نہیں آئے اور نہ ہی ہم نادرا کو ٹارگٹ کرنے آرہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نادرا اور دیگر افسران کو فرانزک آڈٹ کیلئے عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے تھا۔اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نادرا کے بیانات مختلف ہیں، الیکشن کمیشن ثابت کرکے دے کہ یہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوئے۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج آرٹی ایس کے ذریعے آرہے تھے، پتہ چلا کہ آر ٹی ایس نے کام چھوڑ دیا اور اس پر بہت احتجاج بھی ہوا۔دوسری جانب ترجمان نادرا نے واضح کیا ہے کہ آر ٹی ایس الیکشن کے روز مکمل طور پر فعال رہا اور بند نہیں ہوا۔ترجمان نے کہا کہ آرٹی ایس کا آر ایم ایس سے کوئی تعلق نہیں تھا، یہ بات کہ آر ٹی ایس سے آر ایم ایس میں ڈیٹا جانا تھا غلط فہمی پر مبنی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کسی بھی فورم پر وضاحت دینے اور فرانزک آڈٹ کیلئے تیار ہے۔

آرٹی ایس

مزید :

صفحہ اول -