جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کیلئے ورکنگ گروپ ، نیا بلدیاتی نظام تشکیل دینے کافیصلہ
لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کابینہ کاجنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے ورکنگ گروپ بنانے اور نیا بلدیاتی نظام تشکیل دینے کا فیصلہ،خیبر پختونخوا ماڈل کو سامنے رکھ کر پولیس کو غیر سیاسی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے ،ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں بہتری ،مفت ادو یا ت کی فراہمی اورانصاف صحت کارڈ جاری ،جامع منصوبہ بندی کے تحت ہر شہری کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا روڈ میپ تیارکیا جائیگا ، پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیاں جاری رہیں گی جبکہ براہ راست بھرتیاں کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی،گڈگورننس، میرٹ، شفا فیت ، کفایت شعاری اور سادگی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی، کفایت شعاری کے حوالے سے کمیٹی بنانے جبکہ امن اومان کی بہتری کیلئے جامع پلا ن کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے زیر صدارت حکو مت کے 100روزہ ایجنڈے پر عملدرآمد کا جا ئزہ لینے کیلئے صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا،اجلاس میں لوگوں کی خدمت کے وعدے مکمل طورپر اور بروقت ایفا کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔پی ٹی آئی کے تبدیلی کے ایجنڈے میں عملی اقدامات کی ترجیحات شا مل ہیں اورانہیں پہلے100روز میں پایہ تکمیل تک پہنچا کر حکومتی ترجیحات کا رخ متعین کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایاگیا 100روزہ ایجنڈ ے میں گڈ گورننس،وفاق کو مضبوط بنانا، معیشت، زراعت اور پانی، سماجی خدمات اورقومی سلامتی کے امورجیسے اہم نکات شامل ہیں، جبکہ لوکل گورنمنٹ کے سسٹم میں اصلا حا ت،تعلیم اورصحت میں بہتری، آبی قلت دور کرنا اورروزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے اقدامات پر عملدر آ مد کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سردار عثما ن بزدار نے کابینہ کے اجلاس کے دوران تمام اقدامات کا بغورجائزہ لیااور اس امر پر زور دیا کہ 100 روزہ منصوبے سے ملک کے عوام کے مفادات منسلک ہیں اور اسی امر کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ کے ہر وزیرکو اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرتے ہوئے ذاتی طورپر اس ایجنڈے پر عملد رآمد یقینی بنانے کیلئے کام کرنا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ اور ان کی ٹیم وزیراعظم کے ویژن کے تحت پنجاب میں تبدیلی کیلئے ڈلیور کرے گی اور پنجاب کو تبدیل کرے گی، وہ اس سلسلے میں ذاتی طورپر پلان پر عملد ر آ مدکی پیش رفت کا جائزہ لیں گے اورمانیٹر کریں گے۔انہوں نے توقع کااظہار کیا کہ کابینہ غیر روایتی اورغیر معمولی رفتار کیساتھ کام کریگی ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثما ن بزدارسے تحریک انصاف کے نامزدصدارتی امیدوار عارف علوی نے ملاقات کی،ڈپٹی سپیکر قو می اسمبلی قاسم خان سوری،اراکین اسمبلی ملک عامر ڈوگر، فرخ حبیب، حلیم عادل شیخ،بیرسٹرعثمان بسرا اوردیگر رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں صدارتی الیکشن اورسیاسی امورپر تبادلہ خیال ہوا۔
پنجاب کابینہ