منی لانڈرنگ کیس ، آصٖف زرداری کی 20لاکھ کے مچلکوں پر عبوری ضمانت منظور

منی لانڈرنگ کیس ، آصٖف زرداری کی 20لاکھ کے مچلکوں پر عبوری ضمانت منظور

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔سابق صدر کراچی گزشتہ روزبینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے ۔سماعت کے دوران آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی 15 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی اس لیے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔عدالت نے آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے 20 لاکھ روپے زرضمانت جمع کرانے کا حکم دیا جس کے بعد کیس کی سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی۔قبل ازیں بینکنگ کورٹ آمد کے موقع پر صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ آپ ہیلی کاپٹر میں نہیں آئے جس پر انہوں نے کہا کہ آپ کچھ دیر رکیں میں ہیلی کاپٹر میں واپس آتا ہوں۔صحافی نے سوال کیا کہ صدر پاکستان کون بنے گا جس پر انہوں نے کہا کہ اعتراز احسن صدر پاکستان بنیں گے، ان سے ایک اور سوال کیا گیا کہ آپ کو یقین ہے کہ اعتراز احسن صدر پاکستان بنیں گے جس پر آصف زرداری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اعتزاز احسن صدر بنیں۔بعدازاں بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ بے بنیاد وجوہات کی بنیاد پر آصف علی زرداری کو مفرور ظاہر کیا گیا، اگر کوئی کسی جرم میں ملوث نہیں تو بلاوجہ اس کو پریشان نہ کیا جائے۔فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کا معاملہ بینکنگ کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں، ان کے موکل کے خلاف بے بنیاد چارج شیٹ تیار کی گئی۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری پر دباؤ ڈالنے کیلئے اس کیس میں شامل کیا گیا جبکہ ایف آئی آر بھی بے بنیاد ہے اور آصف زرداری کو پھنسانے کیلئے دائر کی گئی۔فاروق ایچ نائیک نے مزید کہا کہ ایف آئی آر میں ان کے موکل کو ملزم ظاہر نہیں کیا گیا، 2008 میں صدر بننے کے بعد آصف زرداری نے کمپنی سے استعفا دے دیا تھا۔

مزید :

صفحہ اول -