پروٹوکول کی لعنت کم کرنے کیلئے کوششیں کرناہوں گی،عارف علوی

پروٹوکول کی لعنت کم کرنے کیلئے کوششیں کرناہوں گی،عارف علوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی) تحریک انصاف کے صدار تی امیدوار عارف علوی نے کہا ہے کہ صدارتی الیکشن واضح اکثریت سے جیتیں گے، 100روز میں ڈیم بن سکتا ہے اور نہ ہی دو کروڑ بچوں کو سکولوں میں لایا جا سکتا ہے لیکن راستے کا تعین ضرور ہوگا کہ ہم پہلے کہاں جارہے تھے اور اب کہاں جائیں گے ،آئین کے مطابق حکومتی امور ایگزیکٹو کے ذمہ ہیں اور پی ٹی آئی کا وژن وزیر اعظم عمران خان پورا کرینگے تاہم ایسے بہت سے معاملات ہیں جن میں صدر ایگزیکٹو میں مداخلت نہ کرتے ہوئے مدد کر سکتا ہے ،ہمیں بھرپور کوششیں کرنا ہو گی کہ پروٹوکول کی لعنت کم ہو جائے لیکن سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عارف علوی نے کہا کہ صدارتی الیکشن میں جو دوست میرے مقابل ہیں ان کے بارے میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتا ۔ اس سوال پر کہ مولانا فضل الرحمن نے بطور امیدوار سامنے آکر آپ کا ساتھ دیا ہے کا جواب دیتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ یہ ان کی مرضی ہے میں اس پر کیا کہہ سکتا ہوں ۔انہوں نے صدر ممنون حسین کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں ۔اس عہدے پر بیٹھ کر پارٹی سے وابستگی نہیں ہوتی لیکن ایسے بہت سے ایشوز ہیں جس پر صدر فیڈریشن کی علامت ہونے کی وجہ سے انہیں سامنے لا سکتا ہے اور فوکس کر سکتا ہے لہٰذاجب میں صدر بنوں گا تو ملک کو درپیش مسائل کو ابھارنے اور ان پر فوکس کروں گا ۔انہوں نے عامر لیاقت کی پارٹی سے ناراضگی کے سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے کچھ مسائل ہیں جس کا انہوں نے ذکر کیا ہے او رپارٹی ان کا حل نکال لے گی ۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ اور کراچی نظر انداز رہا ہے اورسندھ کے حالات خراب رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی سے شہری اور دیہی علاقوں کیلئے بات چیت جاری رہنی چاہیے ، ایم کیو ایم بھی شہری آبادی کی نمائندہ جماعت ہے اور مل کر ہی سندھ او رکراچی کے مسائل کو حل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے ایم کیو ایم کی جانب سے بلیک میل کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ کوئی کسی کو بلیک میل نہیں کرتا۔

مزید :

صفحہ اول -