1973ء کے آئین کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں ہم ناکام بنادینگے ،بلاول

1973ء کے آئین کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں ہم ناکام بنادینگے ،بلاول

  

لاڑکانہ(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 1973کے آئین کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں جسے ناکام بنایا جائے گا۔ایک کروڑ ملازمتیں دینے کے دعویدار وزیراعظم نے اپنی پہلی ہی تقریر میں 500ملازمین کو بیرو زگار کردیا ہے ۔ وفاقی حکومت نجکاری کے ذریعے بیروزگاری میں اضافہ کرنا چاہتی ہے ،اگر ایسا کیا گیا تو ہم اسکی سخت مزاحمت کریں گے ۔ گزشتہ روزپارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا وسائل و مواقع دیکھ کر عوام کو روزگار اور سہولیا ت فراہم کریں گے، مجھے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ مسائل کو حل کیا جاسکے، امید ہے عوام میرے ساتھ وہی تعاون کرینگے جو انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کیساتھ کرتے تھے، سندھ کے عوام نے اعتماد کیا ان کی بھرپور خدمت کرینگے ،سندھ میں خواتین نے بھرپور طریقے سے پیپلز پارٹی کو سپورٹ کیا جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خواتین کی ماضی میں بھی خدمت کی اور اب بھی کریں گے۔ ہم صوبوں کے حقوق اور وسائل جدوجہد کرکے حاصل کریں گے، ہمیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے پر چلنے سے کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی۔ پاکستان پیپلز پارٹی ایک خاندان ہے، پارٹی ورکرز میری طاقت، بازو، کان اور زبان ہیں، پیپلز پارٹی بینظیر کی جماعت ہے اس میں شہدا کا خون شامل ہے۔جلد یوسی سطح پر کارکنوں اور رہنماؤں کے اجلاس کیے جائیں گے اور ان سے مزید بہتری کیلئے مشورہ بھی لے جائیں گے تاکہ پارٹی کو مزید مضبوط کیا جائے۔ اس موقع پر شہداء کیلئے دعا بھی کی گئی جبکہ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، رکن سندھ اسمبلی سہیل انور سیال، ندا کھوڑو، گھنور خان اسران، رکن قومی اسمبلی نصیبہ چنہ، خورشید جونیجو سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -