لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں تھیٹر فیسٹیول کا آغاز
لاہور(فلم رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں تھیٹر فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ہے جو 13 دن جاری رہے گا۔اس دوران مختلف تھیٹرز گروپس کے ڈرامے پیش کئے جائیں گے جن میں لمز ڈرامہ لائن پرو ڈکشن ’’گمراہ‘‘، سنگت تھیٹر پروڈکشن کوئٹہ ’’جان محمد بی۔اے گولڈ میڈلسٹ‘‘، چھوٹا موٹا تھیٹر پروڈکشن’’بول کہ لب آزاد‘‘، سری مری پروڈکشن’’یہ شاہراہ عام نہیں‘‘، عکس تھیٹر پروڈکشن ’’بانجھ‘‘،زِگ زیگ میڈیا پروڈکشن’’تجھ سے نہیں ہوگا‘‘، نورتن پروڈکشن ’’شنواری‘‘، قائداعظم ڈرامیٹک کلب ’’ میں ہاں وارث‘‘،ناٹک پروڈکشن ’’ محبت فتح عام‘‘اورنج میڈیا پروڈکشن ’’زینبے‘‘،اجوکاء تھیٹر پروڈکشن’’مرا ہوا کھوتا‘‘، سلامت پروڈکشن’’ہور دا ہور‘‘، دی کرٹن ریزر پروڈکشن’’ ڈاکٹر صلاح الدین‘‘ اور آزاد تھیٹر پروڈکشن اپنا ڈرامہ ’’آکھیاں‘‘ شامل ہیں۔پہلے روزماس فاؤنڈیشن کا ڈرامہ ‘‘کفن’’ پیش کیا گیا جس کی کہانی اردو کے پہلے افسانہ نگار پریم چند کے افسانہ’’کفن’’ سے ماخوذ ہے۔ڈرامے ڈائریکٹر عامر نواز ہیں جبکہ اس ڈرامے میں بہت سے فنکاروں نے کام کیا جن میں زویا قاضی ،سفینہ ملک اور افضال نبی سمیت دیگر فنکاروں کی پرفارمنس بہت پسند کی گئی۔
اس موقع پر توقیر ناصر،امجد اسلام امجد اورنعیم طاہر سمیت بہت سی دیگر نمایاں شخصیات موجود تھیں جنہوں نے’’ کفن’’ میں فنکاروں کی شاندار پرفارمنس سراہتے ہوئے کہا کہ سب فنکاروں نے بہت اچھا کام کیا ہے۔اس طرح کے فیسٹیول نئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ توقیر ناصر نے کہا کہ مستقبل میں ایسے فیسٹیول مزید کرائے جائیں گے۔ڈرامہ ‘‘کفن’’ کے ڈائریکٹرعامر نواز نے کہا کہ اس ڈرامے کو ہمیشہ پسند کیا جاتا ہے کیونکہ ماس فاؤنڈیشن نے ہمیشہ تفریحی اور اصلاحی کھیل پیش کئے ہیں۔