شاہین ایئر سے آنیوالے حجاج کی واپسی کھٹائی میں پڑگئی

شاہین ایئر سے آنیوالے حجاج کی واپسی کھٹائی میں پڑگئی

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ایئر کے پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کی تجدید نہیں کی جس کے با عث شاہین ایئر سے آنیوالے حاجیوں کی واپسی کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ہے۔سی اے اے کے اعلامیہ کے مطابق شاہین ایئر انٹرنیشنل کا ر یگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس 30 اگست کو ختم ہو چکا ہے اور اس کے پاس فہرست پر کوئی طیارہ موجود نہیں ہے۔ فضائی کمپنی سی اے اے کے ایک ارب 40 کروڑ روپے کی نادہندہ بھی ہے، واجبات کی ادائیگی کیلئے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ تمام مسافر، شپرز محتاط رہیں، ا پنے مفادات کے تحفظ کیلئے فضائی کمپنی کیخلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔سی اے اے کے مطابق حج 2018 کے سلسلے میں شاہین ایئر کے ذر یعے حجاج کرام کو سعودی عرب پہنچایا گیا، شاہین ایئر ان پاکستانی حجاج کی واپسی کیلئے متبادل ایئر لائنز کی پروازوں کا بندوبست کرے ۔اعلا میہ میں مزید کہا گیا ہے سی اے اے شاہین ایئر کی جانب سے کسی بھی ناکامی کی صورت میں قطعی ذمہ دار نہیں ہوگی۔دوسری جانب ترجمان شاہین ایئر کا کہنا ہے حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے کیونکہ سی اے اے نے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس میں تو سیع کرنے سے انکار کردیا ہے، لائسنس کی ہرتین ماہ بعد توسیع ہوتی ہے، لائسنس نہ ہونے پرحجاج کرام کو واپس لانے کی پروازیں منسوخ کردی گئی۔شاہین ایئر کے مطابق سی اے اے نے یقین دہانی کرائی تھی کہ حجاج کو واپس لانے میں رکاوٹ نہیں ہوگی۔

مزید :

عالمی منظر -