پاکستان میں تمباکو نوشی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے ،عامرکیانی

پاکستان میں تمباکو نوشی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے ،عامرکیانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمباکو نوشی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے اور وزارت صحت تمباکو نوشی کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قومی صحت سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے اور سگریٹ مہنگا کرنے کے لیے وزارت خزانہ سے رابطہ کرے گی۔ سگریٹ کے پیکٹ پر تصویری وارننگ کے قانون پر عمل درآمد کروانے کے لیے صوبائی وزرائے اعلیٰ سے درخواست کی جائے گی ۔ انہوں نے ٹوبیکو کنٹرول سیل کو ہدایت کیکہ عوام کو تمباکو کے نقصانات اور ترکِ تمباکونوشی سے آگاہی کے لیے مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے یہ بات ٹوبیکو کنٹرول سیل سے بریفنگ لیتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں پروجیکٹ منیجر، ٹوبیکو کنٹرول سیل نے وزیر صحت کو پاکستان میں تمباکو نوشی کی روک تھام کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں تقریباّ 2 کروڑ39 لاکھ افراد تمباکو کا استعمال کرتے ہیں۔ تمباکو نوشی کی شرح کم کرنے کے لیے وزارت نے مختلف اقدامات کئے ہیں جن میں کھلی سگریٹ کی فروخت پرپابندی ، سگریٹ کی ڈبیوں پر تصویری وارننگ، شیشہ کی درآمد پر پابندی اور تمباکو کی مصنوعات کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر پابندی شامل ہیں۔ پروجیکٹ منیجرنے تمباکو نوشی کی روک تھام میں درپیش چیلنجز اور مسائل کا ذکر کیا، جن میں سگریٹ کی دستیابی سب سے اہم ہے۔ انہوں نے تمباکو فروخت کرنے والے دکانداروں کے لیے لائسنسز کا اجراء کرنے پر زور دیا۔