کراچی پولیس کے کرپٹ افسران اور اہلکاروں کی کڑی نگرانی

کراچی پولیس کے کرپٹ افسران اور اہلکاروں کی کڑی نگرانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (کرائم رپورٹر)مختلف جرائم کی سرپرستی کرنے والے کراچی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی کڑی نگرانی شروع، بیشتر تھانوں میں تعینات افسران و اہلکار کرمنلز کی براہ راست سرپرستی میں ملوث نکلے۔ خصوصی کمیٹی کی رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کو بھیج دی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کراچی پولیس کے کرپٹ افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت ڈنڈا اٹھانے سے قبل ان کو تنبیہ کردی، خصوصی کمیٹی نے کرپٹ افسران اور اہلکاروں کی فہرست مرتب کرکے ارسال کردی ہے۔ فہرست میں شامل افسران کی خفیہ نگرانی مسلسل کی جارہی ہے، ذرائع کا دعوی ہے کہ زیادہ تر افسران مختلف مافیا کی سرپرستی اور سہولت کاری میں ملوث پائے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق سندھ پولیس بالخصوص کراچی پولیس میں ہزاروں اہلکاروں اور افسران کے خلاف مختلف شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس پر ایڈیشنل آئی جی نے نوٹس لیتے ہوئے خصوصی کمیٹی بنائی تھی اور حکم دیا تھا کہ ہر تھانے میں موجود افسران اور اہلکاروں کی نگرانی کی جائے اور جو افسر یا اہلکار غیر قانونی کام میں ملوث ہو اس سے متعلق رپورٹ مرتب کی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ خصوصی کمیٹی نے اپنی مفصل رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کو ارسال کردی ہے جس میں افسران اور اہلکاروں کے نام کے ساتھ ان کے غیر قانونی کاموں کی تفصیلات بھی درج ہیں، کراچی کے بیشتر تھانوں میں تعینات افسران اور اہلکار اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، ڈکیتی، زمینوں پر قبضے کی سرپرستی میں براہ راست ملوث ہیں جبکہ دیگر افسران اور اہلکار مختلف مافیا جن میں شراب، گٹکا، چنگ چی، جوا، سٹہ، شیشہ کیفے سمیت دیگر غیر قانونی کاموں کی سرپرستی کرتے ہیں۔ فہرست میں شامل متعدد افسران اور اہلکار اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرم، موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی چھینا جھپٹی میں سہولت کاری فراہم کرتے ہیں، متعدد افسران اور اہلکار منظم طریقے سے مختلف ہفتہ وار بازاروں، پتھاروں، کیبن، اسٹال اور ٹھیلوں سے یومیہ، ہفتہ اور ماہانہ بنیاد پر بھتہ بھی وصول کرتے ہیں۔