پی ٹی آئی کارکنان پرحملہ پارٹی پرحملہ تصورکرتی ہے :عبدالماجدخان

پی ٹی آئی کارکنان پرحملہ پارٹی پرحملہ تصورکرتی ہے :عبدالماجدخان

  

مظفرآباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر اور رکن قانون ساز اسمبلی عبدالماجد خان نے فتح پور تھکیالہ کوٹلی میں 'عمران خان ویلکم ریلی ' پر پولیس کی طرف سے لاٹھی چار ج کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ پی ٹی آئی کے لیڈر ماجد خان کا کہنا تھا کہ ریلی کے بارے میں ضلع انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا تھا تاہم پشگی اطلاع کے باوجود پی ٹی آئی کے کارکنان پر تشدد قابل افسوس ہے۔ ماجد خان نے کہا کہ عمران خان اب ملک کے وزیر اعظم ہیں اور ان کے ساتھ پاکستان کے دیگر علاقون کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ان کے چاہنے والے ریلیاں اور جلے جلوس نکالتے ہیں مگر فتح پور تھکیالہ میں ڈپٹی کمشنر کوٹلی نے جو ظلم کیا اس کا جواب اس کو دینا ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف اپنے کارکنان پر حملے کو پوری جماعت پر حملہ تصور کرتی ہے۔ ماجد خان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر ڈپٹی کمشنر کوٹلی کی حرکات کا نوٹس لے۔ ماجد خان نے کہا کہ نہتے پی ٹی آئی کے کارکنان پر طاقت کا استعمال کہاں کا انصاف ہے۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اپنے چہیتے افسران کو لگام دے اور اتنا ہی ظلم کرے جتنا کل برداشت بھی کرسکیں۔ انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے اپیل کی کہ وہ پی ٹی آئی کے کارکنان پر طاقت کے بے جا استعمال کا نوٹس لے اور ڈپٹی کمشنر کوٹلی اور انتظامیہ کے خلاف تحقیقات شروع کرئے کہ انہوں نے ایک پر امن سیاسی جماعت کے جلوس پر کیوں لاٹھی چارج کر کے درجنوں پی ٹی آئی کے کارکنان کو زخمی کر دیا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -