عمران خان عوام سے کئے تمام وعدے پورے کریں گے،اعجاز چودھری

عمران خان عوام سے کئے تمام وعدے پورے کریں گے،اعجاز چودھری

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجازاحمد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان انشاء اللہ اپنے کیے ہوئے سارے وعدے پورے کریں گے اور کسی قیمت پر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے،ماضی کی بجائے ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہے اور پاکستان کے عوام ہر قیمت پر ملکی مسائل کا حل چاہتے ہیں جس کیلئے اب ہم مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔وہ گز شتہ روز اپنی رہائش گاہ پر محمد شعیب انور جنرل سیکرٹری پیرامیڈیکل سٹاف ایسویسی ایشن کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفدسے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے پنجاب میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری بری طرح اپنے پنجے گاڑ چکی ہے جس کی وجہ سے لوگ فاقے اور خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

سابق حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس اور جامع حکمت عملی نہ ہونے کے باعث آج غریب خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے تحریک انصاف عوام کو اُن کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں امن و امان کو بھی بہتر بنائے گی۔سیاسی میدان میں مخالفین کا مقابلہ پولیس اور بیوروکریسی کے ذریعے نہیں اپنی سیاسی طاقت سے کر یں گے‘ ملک میں احتساب اور کفایت شعاری کا آغاز ہی وزیر اعظم سے ہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ ملک میں معاشی مضبوط اور خوشحالی کیلئے خود احتسابی لازم ہو چکی ہے‘ایک کروڑ نوکریوں سمیت قوم سے کیے جانیوالے تمام وعدوں پر عمل کو یقینی بنایا جائیگا‘ہم نے قوم کو سیاسی شعور دیدیا ہے اس لیے ہم جانتے ہیں اگر ہم بھی کوئی غلط کام کر یں گے تو ہمیں قوم برداشت نہیں کریں گی لیکن قوم سے وعدہ کرتے ہیں انکو انکا حق دیا جائیگا۔

اعجاز چودھری

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -