گستاخانہ خاکوں کی نمائش منسوخ،تحریک لبیک اور سنی تحریک نے یوم تشکر منایا

گستاخانہ خاکوں کی نمائش منسوخ،تحریک لبیک اور سنی تحریک نے یوم تشکر منایا

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺوتحریک لبیک اسلام کے زیر اہتمام پورے ملک میں جمعۃ المبارک گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے منسوخ ہونے پریوم تشکرکے طور پر منایا گیا۔اس سلسلہ میں لاہور ،گوجرانولہ،شیخوپورہ،منڈی بہاؤالدین ، سیالکوٹ ، اسلام آباد ،کوہاٹ،کوئٹہ اور دیگر شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔اس موقع پر ڈاکٹرمحمد اشرف آصف جلالی نے کہا گستاخانہ خاکوں کی نمائش کو رکوادینا عاشقانِ رسول ﷺ کی بہت بڑی فتح ہے۔پوری دنیامیں امت مسلمہ کے احتجاج کی شدت نے کفر پر لرزہ طاری کر دیا ہے ۔ اس سلسلہ میں پاکستانی حکومت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔انہوں نے کہا ہمارا احتجاج ابھی ختم نہیں ہواتوہین رسول ﷺ کی آگ بھڑکا کر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا گیرٹ ولڈرز ملعون بہت بڑا مجرم ہے اس کو گرفتا کیا جائے ۔اگرچہ گستاخانہ نمائش منسوخ ہوگئی لیکن وہ مسلمانوں کے احتجاج کو بھی تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے ۔مختلف شہروں میں ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی اپیل پر احتجاجی ریلیوں میں یہ مطالبہ کیا گیا ۔یورپ میں آئے روز آزادیِ اظہار کے نام پر توہین رسول ﷺ ،توہین قرآن ،توہین اسلام کا دھندا کیا جاتا ہے۔ اسے ہمیشہ کیلئے بند کیا جائے ۔پاکستانی حکومت او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اقوام متحدہ میں توہین انبیاء علیھم السلام کے بارے میں قانون سازی کروائے ۔دریں اثناء سنی تحریک کی اپیل پرہالینڈمیں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونے پرجمعہ کویوم تشکرکے طورپرمنایاگیااور ملک بھر کی دینی جماعتوں کے قائدین وعلماء وخطباء نے خطباتِ جمعہ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے پرپاکستانی حکومت کی سنجیدہ کوششوں کوخراج تحسین پیش کیا،سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجازقادری کاکہناتھاکہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانابڑی کامیابی ہے،حکومت نے حساس ترین معاملے پرپاکستانی عوام سمیت پوری امت مسلمہ کے جذبات کی بروقت ترجمانی کی ہے،جب حکمران ناموس رسالتؐ کا تحفظ کریں گے تو دنیاوآخرت میں کامیاب ہونگے۔ اس حوالے سے اپنی ذمہ نبھانی ہوگی،مفتی لیاقت علی رضوی،علامہ عطاء الرحمن دھنیال،علامہ طاہراقبال چشتی، علامہ وسیم عباسی،علامہ نثاراحمدنوری، علامہ عمران نظامی، علامہ شوکت حسین نقشبندی، ڈاکٹرطیب رضا،علامہ قاسم محمودموہڑی ودیگر مقررّین نے جڑواں شہروں میں بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عشق رسول ؐ میں مرنااور جیناہرمسلمان کا شیوہ ہے۔

یوم تشکر

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -