کفایت شعاری پالیسی منظور،امن و امان کی بہتری کیلئے نیا پلان تشکیل دینے کا فیصلہ
لاہور (صباح نیوز)پنجاب کابینہ نے کفایت شعاری پالیسی کی منظوری دیدی، صوبے میں کسی کو اضافی پروٹوکول نہیں دیا جائیگا، امن و امان کی بہتری کیلئے نیا پلان تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کا بینہ کا پہلا اجلاس ہوا، اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں سے متعلق بریفنگ دی اور صوبے میں امن و امان کی مجمو عی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے اخراجات کم کیے جائیں گے، صوبے بھر میں کسی کو اضافی پروٹوکول نہیں دیا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب خود بھی انتہائی کم ضروری پروٹوکول لیں گے ۔ ا جلا س میں شریک اراکین کی صرف چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا وزیراعظم کی بچت مہم ہر صو ر ت کامیاب کریں گے، وزیراعظم کے 100 دن کے پلان پر مکمل عملدر آمد ہوگا۔ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے نیا پلان تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ کابینہ کو وزیراعظم عمران خان کے 100 دن کے ایجنڈے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
پنجاب کابینہ