جسٹس طاہرہ صفدر نے بطورچیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے عہدے کاحلف اٹھالیا

01 ستمبر 2018 (10:30)

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر جج جسٹس طاہرہ صفدر نے بطورچیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے عہدے کاحلف اٹھالیا۔

تفصیلات کے مطابق تقریب حلف برداری گورنر ہاﺅس بلوچستان میں ہوئی، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ان سے عہدے کا حلف لیا،تقریب میں ججز،وکلااور مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،طاہرہ صفدرملکی تاریخ میں ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقررہو گئیں۔

واضح رہے کہ جسٹس طاہرہ صفدر7 ستمبر 2009 کو بلوچستان ہائی کورٹ کی جج بنی تھیں،جسٹس طاہرہ صفدر نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں، جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر 5 اکتوبر 1957 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی، بلوچستان یونیورسٹی اردو لٹریچر میں ماسٹرز کیا اور 1980 میں لاءکالج کوئٹہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی 22 اپریل 1982 میں وہ پہلی خاتون سول جج کے عہدے پر فائز ہوئیں۔29 جون 1987 میں سینئر سول جج 27 فروری 1991 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور یکم مارچ 1996 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدوں پر فائز رہیں وہ لیبر کورٹ اور بلوچستا ن سروس ٹریبونل میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں،وہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے حوالے سے تین رکنی خصوصی بینچ کی بھی ممبر تھیں۔

مزیدخبریں