گستاخانہ خاکوں کا معاملہ،  ہزاروں پاکستانیوں کا بارسلونا میں تاریخ ساز احتجاجی مظاہرہ

گستاخانہ خاکوں کا معاملہ،  ہزاروں پاکستانیوں کا بارسلونا میں تاریخ ساز ...
گستاخانہ خاکوں کا معاملہ،  ہزاروں پاکستانیوں کا بارسلونا میں تاریخ ساز احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  بارسلونا (غفور احمد قریشی سے ) دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنے والے ہالینڈ کے رکن اسمبلی گیئرٹ ویلڈرز کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے  اور منسوخی کے حوالے سے پیدا ہونیوالے مسئلے پر دنیا بھر کی طرح بارسلونا میں  بھی ایک بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا- سپین میں خواتین کی نمائندہ تنظیم آسے سوپ ،پاکستان فیڈریشن اور دیگر سماجی تنظیمات کی جانب سے ہونے والے اس مظاہرے میں عاشقان رسولﷺ کے نعروں،غلام ہیں غلام ہیں حضورﷺ کے غلام ہیں، غلامی رسول ﷺ میں موت بھی قبول ہے،لبیک لبیک لبیک یا رسول اللہ، سے بارسلونا کی فضائیں معطر ہو گئیں -

اس موقع پر تمام مسلم تنظیموں نے  فلک شگاف نعروں اور پلے کارڈز کے ذریعے نہ صرف ہالینڈ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا بلکہ کہا کہ نبی کریمﷺ ہم مسلمانوں کے دل میں رہتے ہیں اور  نبی اکرم ﷺ کی ذات ہمیں اپنے والدین ، بچوں اور جان و مال سے عزیز ہے اور ہم کسی کو بھی آزادی اظہار کے نام پر گستاخی کی اجازت نہیں دیں گے۔ مقررین نے کہا کہ عالمی برادری کو مذاہب کے درمیان تصادم کا نتیجہ بننے والے عناصر کی بیخ کنی کرنے کی ضرورت ہے، ورنہ اس سے نہ صرف عالمی امن کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا بلکہ انتہاپسندی کے بیانیے کو تقویت ملے گی، اب یہ ضروری ہوگیا ہے کہ عالمی سطح پر ایسے قوانین بنائے جائیں جس سے مستقبل میں قابل احترام شخصیات کی گستاخی کے اقدامات کو روکا جاسکے۔