اوور سیز پاکستانی ووٹرز کی رجسٹریشن کا آغاز
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کےلئے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن شروع ہوگئی جس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی آئی ووٹنگ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی فہرستوں میں رجسٹرڈ افراد ہی آئی ووٹنگ کےلئے رجسٹرڈ ہوں گےاور انہیں نائیکوپ نمبر، ای میل اور دیگر تفصیلات درج کر کے سائن اپ کرنا ہوگا۔
آن لائن ووٹنگ سسٹم کے زریعے ای میل پر تصدیقی پن کوڈ موصول ہوگا، پن کوڈ کے اندراج پر ووٹر کو تصدیق کاتکمیلی پیغام بھیجا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ ووٹنگ کے وقت ووٹر اپنا ای میل، پاس ورڈ درج کرے گا اورتصدیقی سوالات کے جواب دینے پر نام آن لائن ووٹنگ کےلئے درج ہو جائیگا۔
اس نظام کے تحت سمندر پار ووٹر پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 تا شام 5 بجے ووٹ ڈال سکیں گے۔ طریقہ کار کے مطابق ووٹر اپنے امیدوار کے نام کے بٹن کو پریس کرے گا اور کنفرم پر کلک کرے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق متعلقہ حلقوں کے سمندر پار ووٹرز ہی اپنا ووٹ ڈال سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانی 15ستمبر کی رات 12 بجے تک رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نایئکوپ اور مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے حامل افراد ہی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 17 اگست کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی فل بینچ نے ضمنی الیکشن میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی تھی۔