عراق میں مْشتعل ہجو م نے جنوبی شہر بصرہ کے گورنر ہاؤس پر دھاوا بول دیا،بموں سے حملہ
بغداد(این این آئی)عراق میں مہنگائی اور بدامنی کے خلافملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
عرب ٹی وی کے مطابق عراق کے جنوبی شہر البصرہ میں سیکڑوں مشتعل مظاہرین نے گورنر ہاؤس کے باہر ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور اس کے بعد گورنر ہاؤس پر دھاوا بول دیا، تاہم پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ کر کے مظاہرین کو پیچھے ہٹا دیا۔مقامی ذرائع کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے حکومتی مراکز پر دستی بموں اور آتش گیر گولوں سے حملہ کیا۔ اس موقع پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اورآنسو گیس کی شیلنگ کی۔
رپورٹ کے مطابق احتجاج کے دوران مظاہرین نے البصرہ کے گورنر ہاؤس کی ایک بیرونی دیوار گراد ی۔ مظاہرین سخت مشتعل تھے اور وہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔خیال رہے کہ عراق میں تازہ مظاہرے اور کشیدگی ایک ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب دوسری جانب مئی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد حکومت کی تشکیل کی کوششیں جاری ہیں۔