معروف اداکارہ کو پولیس نے گولی مار دی کیونکہ اس نے ۔۔۔

معروف اداکارہ کو پولیس نے گولی مار دی کیونکہ اس نے ۔۔۔
معروف اداکارہ کو پولیس نے گولی مار دی کیونکہ اس نے ۔۔۔

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاس اینجلس(نیوز ڈیسک) پولیس کی فائرنگ سے مارے جانے والے یا تو خطرناک مجرم ہوتے ہیں یا ایسے بدقسمت جنہیں پولیس خطرناک مجرم سمجھ بیٹھتی ہے، مگر امریکا میں پولیس نے ایک جانی پہچانی اداکارہ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ المناک واقعہ امریکی شہر لاس اینجلس کے نواحی علاقے پسیڈنا میں پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ایمرجنسی سروس کو کال کر کے بتایا گیا کہ ایک خاتون کو دورے پڑ رہے ہیں اور اسے مدد کی ضرورت ہے جس پر ایمرجنسی طبی سروس کے اہلکار بتائے گئے ایڈریس پر پہنچ گئے۔ کسی غیر متوقع صورتحال کے خدشے کے پیش نظر مقامی پولیس کے تین اہلکار بھی کچھ دیر بعد دئیے گئے ایڈریس پر پہنچ گئے۔
یہ خاتون، جس کی مد دکے لئے پولیس و ایمرجنسی اہلکار پہنچے تھے، ٹی وی اور فلم کی اداکارہ ونیسا مارکیز تھیں جو گزشتہ کچھ عرصے سے ذہنی مسائل سے دوچار تھیں۔انہیں فوری طبی مدد دی گئی جس کے بعد میڈیکل اہلکاروں نے اُنہیں کچھ ادویات دیں مگر وہ ادویات کھانے کے لئے تیار نہیں تھیں۔ میڈیکل اہلکاروں کا خیال تھا کہ اگر وہ دوا نہیں کھائیں گی تو اُن کی حالت مزید بگڑ جائے گی لہٰذا وہ ونیسا کو دوا کھانے کے لئے قائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
دریں اثناء پولیس اہلکار بھی وہیں موجود تھے کیونکہ ونیسا کی غیر مستحکم ذہنی حالت کے باعث خدشہ تھا کہ وہ کسی بھی وقت قابو سے باہر ہو سکتی ہیں۔ اداکارہ کا رویہ جارحانہ تھا مگر وہاں موجود اہلکار نرمی سے انہیں قائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران وہ اٹھ کر اپنے کمرے میں گئیں اور جب واپس آئیں تو اُ ن کے ہاتھ میں بندوق تھی جس کا رخ پولیس اہلکاروں کی جانب تھا۔ پولیس اہلکاروں نے اپنی جان خطرے میں دیکھتے ہوئے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ونیسا کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
اس سانحے کے بعد ایک اور سانحے کا انکشاف اس وقت ہوا جب پتا چلا کہ ونیسا نے جو بندوق ہاتھ میں اٹھا رکھی تھی وہ اصلی نہیں تھی۔ یہ تو محض ایک کھلونا تھا جس سے کسی کی جان کو ہرگز کوئی خطرہ نہیں ہو سکتا تھا۔ لاس اینجلس پولیس کے سینئر عہدیدار جومینڈوزا نے بتایا کہ ونیسا کے پاس موجود کھلونا بندوق بالکل حقیقی جیسی تھی جس کے باعث پولیس اہلکار دھوکہ کھا گئے اور فائرنگ کر دی۔انہوں نے ونیساکی موت کو سنگین غلط فہمی کے باعث پیش آنے والا المناک سانحہ قرار دیا۔