دوسرے ٹی 20میں انگلینڈ کامیاب، سیریز کا آخری میچ آج کھیلا جائیگا

      دوسرے ٹی 20میں انگلینڈ کامیاب، سیریز کا آخری میچ آج کھیلا جائیگا

  

 مانچسٹر(نیٹ نیوز)انگلینڈ نے 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو بآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ نے دوسرے ٹی 20 میچ میں 196 رنز کا ہدف 19.1 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، مورگن کو میچ وننگ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا مانچسٹر میں انگلینڈ کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 72 رنز پر گری جب فخر زمان 22 گیندوں پر36 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور محمد حفیظ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 112 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر بابر اعظم 56 رنز بنا کر عادل رشید کا شکار بنے۔ انہوں نے 44 گیندوں کا سامنا کیا اور سات چوکے لگائے۔ محمد حفیظ صرف 36 گیندوں پر 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں چار چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ جواب میں انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف19.1  اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی طرف سے کپتان مورگن33  گیندوں پر 66، جونی بیئرسٹو 24 گیندوں پر 44، بینٹن 16 گیندوں پر 20، سام بلنگز پانچ گیندوں پر دس اور معین علی دو گیندوں پر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میلن 36 گیندوں پر 54 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3 اور حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کے کپتان مورگن کو 66 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایورارڈ دیا گیا۔ انگلینڈ کو 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ 

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -