باعزت ریٹائرمنٹ سرکاری ملازمین کیلئے اعزاز ہوتی ہے،محمد صلاح الدین

  باعزت ریٹائرمنٹ سرکاری ملازمین کیلئے اعزاز ہوتی ہے،محمد صلاح الدین

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)با عزت ریٹائرمنٹ اور پروقارالواداعی تقریب کسی بھی سرکاری ملازم کے لئے بڑے اعزاز سے کم نہیں ہوتی جبکہ دوران ملازمت دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو کسی طور بھلایا نہیں جا سکتا ان خیالات کا اظہار جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور نرسنگ سپروائزر انور سلطانہ نے ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر اُن کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نسیم خالق، عظمیٰ یاسین اور صدف رفیق نے کہا کہ ڈاکٹر رانا محمد شفیق نے دوران سروس حکومت او ر اعلیٰ حکام کی طرف سے دیے گئے تمام اہداف بر وقت مکمل کئے اور انہوں نے ہمہ وقت ضرورت پڑنے پر اپنی خدمات سر انجام دیں جو بلا شبہ ایک ریکارڈ ہے۔سسیلیہ گل،ندرت مختار اور ارم تسنیم کا کہنا تھا کہ ادارے کے لئے ڈاکٹر رانا محمد شفیق کی کاوشیں لائق تحسین ہیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 

صدر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن رانا پرویز، انتظامی ڈاکٹرز نے ڈاکٹر رانا محمد شفیق کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن اورمریضوں کو خوشگوار ماحول بنانے میں اہم کردار ادا کیا کیونکہ شعبہ حادثات میں لاہور اور پنجاب ہی نہیں بلکہ دیگر صوبوں سے بھی مریض لائے جاتے ہیں جن کی بہتر نگہداشت اولین ترجیح ہوتی ہے جسے ڈاکٹر رانا محمد شفیق نے ہمیشہ پیش نظر رکھا۔  سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب کا اہتمام کرنے پر تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ادارے کو جب بھی میری ضرورت پیش ہوئی وہ اُن کو اپنی پیشہ وارانہ خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز ڈاکٹر علی رزاق،انتظامی ڈاکٹرز،نرسز اور ملازمین کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر رانا محمد شفیق کو شیلڈاور پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے گئے اور اُن کی درازی عمر کے لئے دعا کی گئی۔اس موقع پراُن کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -