مشکل کی اس گھڑی میں سندھ کے غریبوں میں راشن تقسیم کریں گے: چودھری سرور

مشکل کی اس گھڑی میں سندھ کے غریبوں میں راشن تقسیم کریں گے: چودھری سرور

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سروربزنس کمیونٹی اور فلاحی تنظیموں کے ہمراہ آج منگل کے روز سندھ کا دوروزہ دورہ کریں گے۔ فرینڈز آف پاکستان کے تعاون سے سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہونے والے دس ہزار غریب خاندانوں کو مکانات کی بحالی کے لئے بھی خصوصی پیکج دیا جائے گا۔ وہ سوموار کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں فرینڈز آف پاکستان کے چیئر مین گوہر اعجاز اور اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے کراچی اور سندھ کے غریب عوام کی بھر پور مالی امداد کے ساتھ ساتھ غریب خاندانوں کو راشن بھی فراہم کریں گے۔ اْنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر مَیں آج مختلف فلاحی تنظیموں کے اتحاد فرینڈز آف پاکستان کے ساتھ کراچی اور اگلے دن بدین سمیت دیگر متاثرہ اضلاع کا دورہ کروں گا اور وہاں پر ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ دورہ سندھ کے دوران گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں ہوں گی اور ہم وہاں پر فلاحی کام کرنے والی دیگر تنظیموں کوبھی کہیں گے کہ وہ آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔

چودھری سرور

مزید :

صفحہ آخر -