خیبر پختونخوا حکومت نے قانون سازی کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا: غزن جمال 

    خیبر پختونخوا حکومت نے قانون سازی کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا: غزن جمال 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا،ملک کا پہلا صوبہ بن گیا جس نے انسداد منشیات نارکوٹکس سبسٹانس ایکٹ پاس کراکے صوبے میں انسداد منشیات کیلئے صوبائی سطح پر قانون سازی کرلی ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیراعلٰی کے معاون خصوصی برائے ایکسائزو ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول غزن جمال نے کہا ہے کہ قانون کے تحت صوبے میں پہلی بار منشیات کے تحت بننے والی جائیداد اور آنے والے آمدن کو بحق سرکار ضبط کیا جاسکے گا اور منشیات کا گھناوٗنا کاروبار کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ آئس کے سدباب کیلئے الگ دفعات رکھی گئی ہیں۔ غزن جمال کے مطابق افیون کاشت کرنے والوں کو ریگولیٹ کیا جائے گا اور افیون کے ادویہ سازی کیلئے لائسنس کا اجرا بھی اسی قانون کے تحت عمل میں لایا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول فیاض علی شاہ نے  ایکٹ کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس قانون کے تحت صوبے میں پانچ ریجنل ایکسائز پولیس سٹیشنز کا قیام عمل میں لایا گیا جس کیلئے ایکسائز پولیس کے اہلکاروں کو پولیس تفتیشی سکول میں تربیت دی گئی ہے اور اب ایکسائز اہلکار  انسداد منشیات کے تمام مقدمات ایکسائز پولیس سٹیشنز میں درج کرکے ان کی خود تفتیش کرسکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انسداد منشیات کے مقدمات نمٹانے کیلئے سپیشل کورٹس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے اور اس مد میں پشاور اور سوات میں خصوصی عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں۔ فیاض علی شاہ کے مطابق پشاور اور سوات میں دو سپیشل کورٹس کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے اور پشاور اور مردان ایکسائز پولیس سٹیشن میں دو مقدمے درج بھی کئے جاچکے ہیں۔ صوبے میں نارکوٹکس مقدمات کی شنوائی اب ان سپیشل کورٹس میں ہی ہوگی۔ایکسائز پشاور پولیس سٹیشن میں دو کلو آٹھ سو گرام ہیروئین، ایک کلو گرام چرس کا مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمات ایکسائز پولیس سٹیشن ایس ایچ او عاکف نواز نے درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس سے قبل ایکسائز پولیس، انسداد منشیات کے مقدمات متعلقہ پولیس سٹیشنز میں درج کرتی تھی جس میں قانونی پیچیدگیوں کا سامنا ہوتا تھا جو کہ اس قانون کے پاس ہونے سے کافی حد تک حل ہوجائیں گی۔