کراچی میں نالوں کے اندر تعمیرات کی اجازت دی گئی: وزیر اعلٰی سندھ 

    کراچی میں نالوں کے اندر تعمیرات کی اجازت دی گئی: وزیر اعلٰی سندھ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(سٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تجاوزات بھی شہر کا اصل مسئلہ ہیں،جن کی باقاعدہ اجازت دی گئی۔وزیراعلی سندھ نے شہر میں شدید بارشوں کے بعد اور یوم عاشورہ کے موقع پر کراچی کا فضائی دورہ کیا اور امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔دورے کے د وران وزیراعلی سندھ کو جدید سیکیورٹی فیچرز کے بارے میں  آگاہی فراہم کی گئی۔میڈیا سے بات چیت میں سید مراد علی شاہ نے کہاکہ صبح جلوس کے راستے پر چند مقامات پر پانی تھا، جسے صاف کیا گیا، شہر بھر کے 90 فیصد سے زائد علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ہے، اب بھی ڈیفنس، ٹاور اور سرجانی کے چند مقامات پر پانی موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں نالوں کے اندر تعمیرات کی اجازت دی گئی،جب ان تعمیرات کے خلاف لوگ عدالت گئے تو ججز نے کہا کہ اختیار دینا اتھارٹیز کا حق ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں اب کئی کئی منزلہ عمارتیں گرا تو نہیں سکتا،بارش کا ایک اور اسپیل بھی آرہا ہے،دعا ہے کہ وہ خطرناک ثابت نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں، امید ہے وفاقی حکومت مدد کرے گی، اسی طرح مدد کی جائے جس طرح بولٹن مارکیٹ آگ کے بعد سابق صدر آصف زرداری نے کی تھی۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو کہا ہے کہ وہ اپنا انفرااسٹرکچر بہتر کریں،اگر 24 سے 26 سب اسٹیشنز میں پانی جمع ہے تو ان کے باہر چھوٹے بند بنائیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کے الیکٹرک سے کہہ دیا کہ ایسی گاڑیاں لی جائیں جو اتنی بارش میں کام کرسکیں،اصل خدشہ عملے کو کرنٹ لگنے کا ہوتا ہے تو اس پر کام کریں۔انہوں نے کہاکہ اب جو بارشیں ہوں گی اس کیلیے تیار رہنا پڑے گا، شہر کو ٹھیک کرنا ہے تو سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،یہ صرف صوبائی اور وفاقی ادارے نہیں کرسکتے عالمی اداروں کو بھی مدد کرنا ہوگی۔وزیراعلی سندھ نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کریں۔

کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے اندرون سندھ میں جاری شدید بارشوں کے باعث ہدایات جاری کی گئی ہیں۔سید مراد علی شاہ نے میرپورخاص ڈویژن میں شدید بارشوں کے باعث تھر، میر پور خارص، عمر کوٹ، بدین اور سجاول کے ڈپٹی کمشنرز کو فون کیا ہے۔ سید مراد علی شاہ کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو عوام کی ہر طرح سے مدد و تعاون کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔وزیراعلی سندھ نے ڈی سیز کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور متاثرہ عوام کو کھاد خوراک اور پینے کا پانی وغیرہ مہیا کیا جائے۔وزیراعلی سندھ کا ہدایات جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ آبپاشی کا عملہ بھی متحرک رہے، پانی کی شاخوں اور ایل بی او ڈی کے پشتوں کا خیال رکھا جائے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے ہر گھنٹے میں ہر ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ریلیف کے کاموں کی رپورٹ چاہیے، کسی بھی مقام پر اگر کوئی شگاف ہوتو فوری طور پر اس کو بھر دیں۔

مزید :

صفحہ اول -