بارسلونا کو خیرآباد کہنے کا فیصلہ کرنے والے میسی نے ٹریننگ سے بھی منہ موڑ لیا

بارسلونا کو خیرآباد کہنے کا فیصلہ کرنے والے میسی نے ٹریننگ سے بھی منہ موڑ لیا
بارسلونا کو خیرآباد کہنے کا فیصلہ کرنے والے میسی نے ٹریننگ سے بھی منہ موڑ لیا

  

بارسلونا (ڈیلی پاکستان آن لائن) لیونل میسی نے معروف فٹ بال کلب بارسلونا چھوڑنے کا فیصلہ کرنے کے بعد ہسپانوی کلب کیساتھ ٹریننگ سے بھی منہ موڑ لیا ہے جبکہ اس سے قبل وہ میڈیکل ٹیسٹ میں بھی شریک نہیں ہوئے۔ 

تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح بار سلونا ٹیم کے کئی کھلاڑی ٹیسٹ کیلئے پہنچے لیکن بار سلونا کو چھوڑنے کا اعلان کرنے والے میسی نہیں آئے حالانکہ مقامی وقت کے مطابق انہیں صبح 10 بجے میدان میں ہونا چاہئے تھا۔ نئے کوچ رونالڈکومین کے ساتھ بارسلونا نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا تاہم میسی اس میں بھی شریک نہیں ہوئے اور پی سی آر ٹیسٹ بھی نہیں کروایا۔

دوسری جانب لا لیگا کا کہناہے کہ میسی کا معاہدہ ابھی تک قابل عمل ہے، قانون کے مطابق لا لیگا سپین فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ رجسٹرڈ کسی کھلاڑی کو اس وقت تک معاہدے کو توڑنے کی اجازت نہیں دے سکتا جب تک کہ ریلیز کے اصول میں دی گئی رقم کی ادائیگی نہ ہوجائے۔

33 سالہ فٹ بالر لیونل میسی نے بارسلونا کو بتایا تھا کہ وہ اپنے معاہدے میں 70 کروڑ یورو (83.3 کروڑ ڈالر) کی ریلیز کے اصول کے باوجود کلب چھوڑنا چاہتے ہیں۔ ارجنٹائن کے ٹی وی چینل ٹی وائی سی سپورٹس کے مطابق میسی نے اپنے معاہدے کی میعاد ختم ہونے کے حوالے سے کلب کو ایک رجسٹرڈ فیکس بھیجا تھا جس میں ایک قاعدے کا خاکہ پیش کیا گیا تھا جس سے وہ سیزن کے اختتام پر یکطرفہ طور پر اپنا معاہدہ منسوخ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

بارسلونا کے ایک مقامی اخبار کے مطابق کلب کو میسی کی طرف سے ایک خط موصول ہوا لیکن معاہدہ ختم کرنے کیلئے ان کے پاس 10 جون تک کا وقت تھا جو اب ختم ہوچکا ہے۔اسی کیساتھ ساتھ میسی کے مطابق یہ مضحکہ خیز ہے کیونکہ بار سلونا کی مہم 14 اگست کو چیمپینز لیگ میں بائرن میونخ کو 2-8 سے شکست دینے کے بعد ختم ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے میسی کی بار سلونا کلب چھوڑنے کی خبروں کے بعد بار سلونا کے حامیوں و مداحوں کی بڑی تعداد ان کے سٹیڈیم نو کیمپ کے باہر جمع ہوگئی تھی اور انتظامیہ اور بورڈ کے خلاف مظاہرے کئے تھے۔

مزید :

کھیل -